ریاست مغربی بنگال میں اگلے برس ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مد نظر بی جے پی کے سینئر رہنما اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ایک بار پھر بنگال کا دورہ کرنے والے ہیں۔
ذرائع کے مطابق 'آئندہ 30 نومبر کو ایک بار پھر امیت شاہ بنگال آ رہے ہیں۔ اس بار وہ شمالی بنگال کے سلی گوڑی میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔'
دراصل مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مد نظر امیت شاہ بنگال کا جائزہ لے رہے ہیں اور پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ریاست کے حالات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں گزشتہ 5 اور 6 نومبر کو امیت شاہ بنگال آئے ہوئے تھے۔ اس دوران انہوں نے بیربھوم اور کولکاتا میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ میٹنگ کرنے کے علاوہ متعدد تقریبات میں شرکت کی تھی۔
اپنے حالیہ دورے کے دوران امیت شاہ نے کہا تھا کہ 'بنگال میں بی جے پی اقتدار میں آئے گی۔ بنگال میں ممتا حکومت کے دن مکمل ہو چکے ہیں۔'