مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے ترقیاتی منصوبوں کی مقبولیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ مختلف اضلاع میں بدنظمی اور بھگدڑ کی اطلاع ہے۔
مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو عوام تک پہنچانے کے لیے 'دوارے سرکار پروگرام' کا انعقاد کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کے تحت 'دوارے سرکار پروگرام' کے لیے اب تک پانچ کروڑ سے زائد افراد نے رجسٹریشن کرایاہے'۔ دوارے سرکار کیمپ کی مقبولیت میں جتنا اضافہ ہوا ہے اتنے ہی ریاست کے مختلف اضلاع سے کیمپ کے دوران بدنظمی کے واقعات بھی پیش آرہے ہیں۔
مالدہ کے بعد ہوڑہ ضلع کے داس نگر کے بالٹک علاقے میں واقع مکتی سے پرائمری اسکول میں دوارے سرکار کیمپ کے دوران بھگدڑ مچنے سے درجنوں خواتین زخمی ہوئی ہیں جن میں تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔کیمپ کے باہر سینکڑوں خواتین اسکول میں داخل ہونے کے لیے گیٹ کے باہر کھڑی تھیں، اسکول کا گیٹ کھلتے ہی دوارے سرکار کیمپ میں خواتین دوڑ پڑیں جس کے سبب وہاں بھگدڑ مچ گئی۔
افراتفری کے عالم میں درجنوں خواتین زخمی ہوئیں جن میں تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، پولیس اور آر اے ایف کے جوانوں نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا اور زخمی خواتین کو ہوڑہ محکمہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ اس واقعے کے بعد ضلع مجسٹریٹ، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر سمیت تمام اعلیٰ افسران جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لے رہے ہیں دوبارہ پولیس کی نگرانی میں دوارے سرکار کیمپ میں رجسٹریشن کے عمل کو شروع کیا گیا۔
مزید پڑھیں:دوارے سرکار اسکیم سے ایک کروڑ افراد کے جڑنے پر ممتا کا اظہار خوشی
پولیس کا کہنا ہے کہ اسکول کا گیٹ کھولے جانے کے بعد ہی یہ واقعہ پیش آیا ہے، اسکول کے باہر لوگوں کی بھیڑ امنڈ پڑی تھی،اچانک سے امنڈی بھیڑ پر قابو پانے میں عملے قاصر رہے۔