روڑکی: منگلور گاؤں میں ایک عمر رسیدہ خاتون کا انتقال ہو گیا تھا جن کی آخری رسومات کی تیاریاں جاری تھیں اور تمام لواحقین بھی آخری رسومات کے لیے پہنچ چکے تھے۔ پھر اچانک میت کے جسم میں حرکت ہوئی۔ جسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔ تاہم کسی کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آیا لیکن جب خاتون نے آنکھیں کھولیں تو وہاں موجود تمام لوگوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔ اس کے ساتھ ہی اب یہ واقعہ منگلور علاقہ میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔
جانکاری کے مطابق منگلور علاقے کے نارسن خورد کے رہنے والے ونود گیان دیوی کی 102 سالہ ماں کچھ عرصے سے بیمار تھی۔ اسی دوران اچانک ضعیف خاتون بے ہوش ہو گئی جس کے بعد لواحقین نے ڈاکٹر کو گھر بلایا اور خاتون کا معائنہ کرایا۔ ڈاکٹر نے تفتیش کے بعد خاتون کو مردہ قرار دے دیا تھا جس کے بعد گھر اور محلے میں سوگ کی فضا چھا گئی تھی۔
مزید پڑھیں:Pushpa Munjial of Dehradun: معمر خاتون نے اپنی جائیداد راہل گاندھی کے نام وصیت کی
لواحقین نے ان کی موت کی اطلاع تمام رشتہ داروں کو دی جس کے بعد تمام رشتہ دار اور گاؤں والے اس کے گھر جمع ہوگئے۔ اس کے بعد خاتون کی آخری رسومات کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ جیسے ہی میت کو آخری رسومات کے لیے لے جانے والے تھے کہ اچانک ان کے جسم میں کچھ حرکت محسوس ہوئی۔ اسی وقت جب اس عورت کو زور سے ہلایا گیا تو اس نے آنکھیں کھول دی۔ دوسری جانب خاتون کو جیسے ہی ہوش آیا اچانک خوشی کا ماحول چھا گیا۔ ونود کا کہنا ہے کہ ان کی ماں نہ صرف خاندان کی بلکہ پورے گاؤں کی سب سے عمر رسیدہ خاتون ہیں۔ اس نے بتایا کہ پورا گاؤں ان کی بقا کا جشن منا رہا ہے۔ ہوش میں آنے کے بعد اس کی ماں پہلے کی طرح کھا پی رہی ہے۔