جم کاربیٹ نیشنل پارک کو سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیئے جانے کے بعد کثیر تعداد میں سیاح یہاں آرہے ہیں۔ قبل ازیں کووڈ وبا میں شدت کے بعد اتراکھنڈ حکومت نے سیاحتی مقامات کو بند کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد رام نگر میں واقع جم کاربیٹ نیشنل پارک کو بھی سیاحوں کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
کورونا کی شدت میں کمی کے بعد سیاحتی مقامات کو کھولا گیا ہے جب کہ جم کاربیٹ نیشنل پارک کے کچھ دروازوں کو سیاحوں کے لیے کھولا گیا، جس کے بعد ملک و بیرون ملک کے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
بین الاقوامی سطح پر مشہور جم کاربیٹ نیشنل پارک میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ وہیں انتظامیہ کی جانب سے سیاحوں اور جنگی جانوروں کے تحفظ کے لیے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ پارک میں نظر رکھی جارہی ہے اور کورونا ضوابط پر سختی سے عمل کیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مرکزی داخلہ سکریٹری نے پہاڑی علاقوں کے سیاحتی مقامات پر کووڈ کی صورتحال کا جائزہ لیا
واضح رہے کہ جم کاربیٹ نیشنل پارک شمالی بھارت کے اتراکھنڈ ریاست میں واقع ہے جسے جنگلاتی زندگی کے لیے محفوظ پناہ گاہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ یہاں متعدد جانور موجود ہیں تاہم بنگال کے شیروں کے لیے یہ پارک کافی مشہور ہے۔ اس پارک میں مختلف جانور بشمول شیر، چیتا اور جنگلی ہاتھی وغیرہ آزادانہ طور پر گھومتے ہیں۔