ریاست اتراکھنڈ کے شہر مسوری میں وزیر کابینہ گنیش جوشی نے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو سابق وزیراعلیٰ بتادیا۔ انہوں نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے وقت یہ بات کہی۔
گنیش جوشی پروگرام کے دوران اسٹیج پر بیٹھے لوگوں کا شکریہ ادا کررہے تھے، تب یہ واقعہ پیش آیا۔ جیسے ہی انہوں نے اپنی تقریر میں کچھ معززین لوگوں کے ساتھ وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کا نام لیا۔
انہوں نے کہا 'اسٹیج پر بیٹھے ہمارے پرجوش اور سابق وزیراعلیٰ پشکر دھامی۔۔۔۔' انہوں نے اتنا ہی کہا تھا کہ وہاں موجود عوام نے تالیاں بجانی شروع کردی۔ دراصل لوگوں نے پشکر سنگھ دھامی کو سابق وزیراعلیٰ کہنے پر ان کا مذاق اڑایا۔
لیکن گنیش جوشی کو اس وقت تک بھی احساس نہیں ہوا کہ انہوں نے کچھ غلط کہا ہے۔ 4 سے 5 سیکنڈ کے بعد پیچھے سے کسی نے انہیں بتایا کہ 'آپ نے سابق بول دیا ہے'۔ تب انہوں نے پوچھا کہ کیا میں نے سابق بولا ہے۔ تب سامنے بیٹھے لوگ تالیاں بجانے لگے اور انہوں نے اپنی غلطی ٹھیک کرتے ہوئے کہا کہ 15 ۔20 سال کے بعد تو سابق ہوہی جائیں گے۔
جس کے بعد گنیش جوشی نے کچھ دیر رک کر اپنی تقریر مکمل کی۔ واضح رہے کہ جس وقت گنیش جوشی تقریر کررہے تھے، اس وقت وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے ساتھ وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ اور کئی مشہور رہنما موجود تھے۔
مزید پڑھیں:نفرت انگیز ریلی کے لیے جولائی میں ہوئی تھی میٹنگ، پنکی چودھری کا اعتراف
واضح رہے کہ گنیش جوشی نے کئی بار اس طرح کی غلطیاں دہرائی ہیں۔ اس سے قبل 17 اگست کو بی جے پی کی جانب سے منعقدہ رکشا بندھن کی تقریب میں مسوری سے رکن اسمبلی اور وزیر کابینہ گنیش جوشی نے اپوزیشن پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابی امیدوار چوروں اور ڈاکوؤں کی طرح آرہے ہیں۔ یہی نہیں انہوں نے نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے ایسے امیدواروں کو مسوری اسمبلی حلقہ میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کی بات کہی تھی۔