اترپردیش کے ضلع مئو کے گھوسی اسمبلی سیٹ سے بہار کے گورنر بنائے گئے پھاگو چوہان نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جلد ہی اس سیٹ پر ضمنی انتخاب ہوگا۔ اسی لیے بی ایس پی نے گھوسی اسمبلی حلقہ سے عبدالقیوم انصاری کو انچارج بنایا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ بی ایس پی کے امیدوار بھی ہوں گے۔
عبدالقیوم انصاری کو انچارج بنائے جانے سے اسمبلی حلقہ میں انتخابی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ گھوسی اسمبلی حلقہ میں بنکروں کی کثیر آبادی کے سبب عبدالقیوم کو ٹکٹ حاصل ہونے کی صورت میں کامیابی کی امید ہے۔ انہیں مقامی باشندہ ہونے کا بھی فائدہ مل سکتا ہے۔ عبدالقیوم انصاری کو پسماندہ طبقات کی حمایت بھی مل رہی ہے۔
بہار کے گورنر مقرر کئے گئے پھاگو چوہان گھوسی اسمبلی سیٹ سے چھ بار رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن عوام کے مطابق پھاگو چوہان نے گھوسی اسمبلی حلقہ میں ترقی کا کوئی کام نہیں کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی امیدوار کی صورت میں عبدالقیوم انصاری کو عوامی حمایت حاصل ہو سکتی ہے۔