ریاست اتر پردیش کے ضلع بنارس کے چوبے پور تھانہ علاقہ کے برتھرہ کلاں گاؤں میں ایک بکری کنویں میں گر گئی جس کے بعد رسی کی مدد سے بکری کو نکالنے کے لئے ایک نوجوان کنویں میں اترا اس دوران رسی ٹوٹ گئی، جس کی وجہ سے نوجوان کی کنویں میں ڈوبنے سے موت ہوگئی۔
اطلاعات کے مطابق برتھرا کلاں گاؤں کے گندھرو بستی کے پاس پانی ٹنکی کے قریب کنویں میں بکری گر گئی تھی، پیارے لال کنوجیا کے بیٹے منجیت کنوجیا بکری نکالنے کے لیے کنوئیں میں رسی کی مدد سے اتر رہے تھے کہ اسی دوران رسی ٹوٹ گئی۔
گاؤں والوں کی اطلاع پر فوراً پولیس پہونچی، پولیس نے فائر بریگیڈ عملہ کو طلب کیا۔ ضلع مجسٹریٹ نے این ڈی آر ایف ٹیم کو بھی بھیجا۔
این ڈی آر ایف نے ریسکیو آپریشن کیا تو سخت مشقت کے بعد کنویں سے نوجوان کی لاش نکالی گئی۔ نوجوان بی اے سال اول کا طالب علم تھا، دو بھائیوں میں چھوٹا تھا۔ بڑا بھائی ممبئی میں اپنے کنبے کے ساتھ رہتا ہے۔ والد پیارے لال کنوجیا بھی ممبئی میں کام کرتے ہیں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھر آئے ہوئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پورے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔