لکھنؤ: اتر پردیش حکومت نے منگل کو جونیئر ہاکی مرد/خواتین ایشیا کپ 2023 کی فاتح ٹیم کے ریاست کے کھلاڑیوں اور تیرھویں ہاکی انڈیا سب جونیئر مینس چیمپئن شپ میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات دے کر اعزاز سے نوازا۔ کھیل اور نوجوانوں کی بہبود کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) گریش چندر یادو نے کے ڈی سنگھ بابو اسٹیڈیم آڈیٹوریم میں منعقدہ اعزازی تقریب میں فاتح کھلاڑیوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا، ’’ہم سب کو آپ سب پر فخر ہے۔ کھلاڑی اپنا 100 فیصد حصہ ڈال کر کھیلنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں، جس کے نتیجے میں آج ہندوستان پوری دنیا میں کھیلوں کی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
وزیر کھیل نے جونیئر خواتین ہاکی ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی ممتاز خان اور جونیئر مینز ہاکی ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کے ریاستی کھلاڑی وشنوکانت سنگھ، سدانند تیواری، ٹیم کے کپتان اتم سنگھ اور عامرعلی کو تین تین لاکھ روپے اور تیرہویں ہاکی انڈیا سب جونیئر مینس چمپئن شپ میں حصہ لینے والے 18 کھلاڑیوں کو بیس بیس ہزار روپے کے چیک دیئے گئے۔ ایڈیشنل چیف سکریٹری، کھیل نونیت سہگل نے کہا کہ ریاست کے کھلاڑی پوری دنیا میں ریاست اور ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کھیلو انڈیا اور فٹ انڈیا اسکیموں کو چلا کر کھیلوں کو فروغ دینے کا کام کیا ہے جس کی وجہ سے کھیلوں میں ہر روز ترقی ہو رہی ہے۔ کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کھیلوں کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر اسپورٹس ڈائریکٹر آر پی سنگھ موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: Female Wushu Players Felicitated ماسکو چیمپئن شپ میں تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا گیا
یو این آئی