نوابی شہر لکھنؤ میں چکن کپڑا ملک بھر میں اپنی الگ شناخت کے لئے شہرت رکھتا ہے۔ اس کی خوبصورتی اس وقت نکھر کر سامنے آتی، جب چکن پر شاندار کشیدہ کاری ہوتی ہے لیکن لاک ڈاؤن نے فی الحال کے لیے سب کچھ ختم کر دیا ہے۔
آصف سیتاپور سے لکھنؤ میں زردوزی کے کام کے لئے رہتے ہیں۔ ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران بتایا کہ پہلے روزگار کے مواقع فراہم تھے تو جیب میں پیسہ بھی تھا، لیکن اب بےروزگار ہیں لہذا ایک وقت کے کھانے پینے کی مشکل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرائے کے مکان میں رہتے ہیں۔ ہمارے ساتھ کچھ لوگ اور بھی ہیں۔ مکان مالک نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد اس کا کرایا دینا پڑے گا، کرایا معاف نہیں ہے۔
آصف نے مزید کہا کہ مشکل سے گزارا ہو رہا ہے۔ محلے کے لوگ کھانے پینے کی مدد کر دیتے ہیں، بس اتنا ہی ہمارے لئے کافی ہے۔
پرویز انصاری چکن کے کاریگر ہیں، انہوں نے بتایا کہ دو ماہ سے کام بند ہے۔ ہم لوگ بہت پریشان ہیں، جو پیسہ تھا سب خرچ ہوگیا ہے۔ حکومت ہماری مدد نہیں کر رہی۔ آس پاس کے لوگوں سے مانگ کر زندگی گزر بسر کر رہے ہیں۔
محمد آفاق نے بتایا کہ پورا کاروبار ختم ہوگیا ہے۔ نہ گھر میں پیسہ بچا ہے اور نہ ہی راشن، کمانے کا کوئی ذریعہ نہیں۔ پہلے مشکل سے گزارہ ہوتا تھا لیکن اب تو بھکمری کے دہلیز پر پہنچ گئے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران سبھی نے مطالبہ کیا کہ یوگی سرکار ہم غریبوں کی طرف بھی توجہ کریں۔ حکومت کی کوئی بھی اسکیم سے ہمیں فائدہ نہیں مل رہا ہے۔ نہ مفت میں راشن مل رہا ہے اور نہ ہی ہمارے اکاؤنٹ میں پیسہ آیا ہے۔ بہتر ہوگا کہ یو پی حکومت ہمارے لئے بھی کام کرے ورنہ ہم لوگ بھوکے ہی مر جائیں گے۔