بریلی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اسمارٹ سٹی منصوبہ کے تحت شہر کے ترقی کے لیے منتخب کردہ 6 وارڈوں کی سڑکوں کی تعمیر اور ان کی مرمت کام کام جائے گا، ان میں تقریباً 28 سڑکیں شامل ہیں۔
سڑکوں کی دونوں جانب سائن بورڈ لگائے جائیں گے جس پر شہر کی تاریخی شخصیات کے بارے میں لکھا جائے گا۔ اسمارٹ سٹی میں گاندھی گارڈن، رام پور گارڈن، اعظم نگر، سکلا پور، فالتون گنج اور نومحلہ وارڈ شامل ہیں۔
بریلی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر ابھیشیک آنند کے مطابق ہیریٹیج واک پر ٹہلنے کے دوران شہر کے لوگ سائن بورڈ پر بریلی کے انقلابیوں کی قربانیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کر سکیں گے جنہوں نے سنہ 1857 کے انقلاب میں حصّہ لیا تھا۔
مثال کے طور پر پرانی ضلع جیل کے قریب خان بہادر خان کا مزار اور شہر کے باقر گنج میں محافظ الملک حافظ رحمت خان کا مقبرہ اپنے آپ میں ایک تاریخ ہے۔
اس کے ساتھ ہی لوگوں کو عالمی شہرت یافتہ درگاہ اعلیٰحضرت، خانقاہ عالیہ نیازیہ، چار ناتھ مندر، پرانی عقب کوتوالی، کمشنری میں پھانسی کی جگہ کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوسکےگی۔
روی پنڈت رادھے شیام کے شاعرانہ انداز میں یعنی نظم میں لکھی گئی رامائن کا بھی تذکرہ کیا جائے گا۔