رامپور کے رامپور نیشنل اسکول میں خواتین کا ایک اجتماع منعقد ہوا جہاں نکاح آسان کرنے Making Nikah Simple کے موضوع پر 25 خواتین نے تقاریر کیں۔ اس موقع پر مقررین نے حدیث کا حوالہ دے کر بتایا کہ اللہ کے آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ نکاح کو آسان کرو اور زنا کو مشکل بناؤ۔
اس موقع پر فہمش خان نے شادی بیاہ کی رسومات کو غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشرے میں غیر اسلامی رسومات کا اتنا زیادہ چلن ہو گیا ہے کہ غریب کی بیٹی کا نکاح ہونا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہیز جیسی لعنت کے مطالبے کی وجہ سے مسلم معاشرے کی لاکھوں لڑکیاں کنواری بیٹھی ہوئی ہیں۔ ان کی عمریں 40-40 برس سے زائد ہو گئی ہیں لیکن لوگ بیجا رسومات کو چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں'۔
وہیں اندلیب خان نے مذکورہ موضوع پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ' ایک طرف ہمارے نبی نے ہمیں نکاح آسان بنانے کی تعلیم دی تھی جبکہ ہم نبی کے امتیوں نے دیگر مذاہب سے مرعوب ہوکر بیجا رسومات کو اپنے اوپر اوڑھ لیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے نکاح کے رشتہ کو قائم کرنے کے لیے تقویٰ کو بنیاد بنایا تھا جبکہ موجودہ معاشرہ میں ہم دیکھتے ہیں کہ رشتہ قائم کرنے کے لیے ذات برادری کو ترجیح دی جاتی ہے۔ اگر برادری کا ملان نہیں ہو پاتا ہے تب تک نوجوان شادیوں سے محروم رہتے ہیں، جس کی وجہ سے معاشرے میں زنا جیسی حرام کاری عام ہوتی جا رہی ہے۔
اندلیب خان نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ جو باتیں آج یہاں بتائی گئیں ہیں، اس پر عمل کیا جائے اور اس بات کا عہد کیا جائے کہ جو بھی غیر اسلامی رسومات والی شادیوں کی تقریبات منعقد ہوں گی، اس کا ہم بائیکوٹ کریں گے'۔
واضح رہے کہ خواتین کے اس اجتماع کا انعقاد معروف اسکالر ڈاکٹر انیس احمد کی نگرانی میں کیا تھا۔
ڈاکٹر انیس احمد نے بتایا کہ شادی بیاہ کے نام پر معاشرے مختلف رسومات نے جنم لے لیا ہے جس کی وجہ سے بیجا اخراجات بڑھ گئے ہیں۔'
اس موقع پر دین کے مطابق رشتہ ازدواج سے منسلک ہونے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کو اعزازات بھی دیے گئے۔
مزید پڑھیں: