کانپور کے چمن گنج علاقے میں واقع محمد علی پارک میں شہریت ترمیمی قانون، این آر سی اور این پی آر کے خلاف خواتین کا مسلسل احتجاج جاری ہے۔
اس احتجاج کے 13 دن مکمل ہوچکے ہیں، مگر حکومت ابھی تک ان خواتین کی آواز کو نظرانداز کر رہی ہے۔ یہاں شامل خواتین کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت اس سیاہ قانون کو واپس نہیں لیتے تب تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔
احتجاج کر رہی خواتین کا کہنا ہے کہ ہم نے اس ملک میں حکومت کی ان تمام باتوں کو جو ناقابل قبول تھی، جیسے تین طلاق، بابری مسجد اس کو تسلیم کرلیا، لیکن اب ہمارا وجود جو ہماری شہریت کا ہے اس پر خطرہ ہے، اس لئے ہم اس کو کسی بھی قیمت پر تسلیم نہیں کریں گے۔
یہاں احتجاج میں شامل خواتین نے کہا کہ ہم احتجاج پر امن طریقے سے کر رہے ہیں، کسی بھی طریقے کا تشدد نہیں کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہی کر رہے ہیں، مگر حکومت ہماری باتوں کو نظر انداز کر رہی ہے، حکومت جب تک ہماری بات کو نہیں سنے گی، تب تک ہم یہ احتجاج جاری رکھیں گے۔