اترپردیش میں پرتاپ گڑھ ضلع کے تھانہ ہتھگواں پولیس نے شوہر کا قتل کرکے نہر میں پھینکنے کے الزام میں اہلیہ سمیت چھ ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔
ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ مغربی روہت مشرہ نے آج بتایا کہ تھانہ ہتھگواں کے سنیاواں گاؤں واقع نہر سے گزشتہ 18/ستمبر کو ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی تھی، جس کی شناخت کنہیا سروج عرف رماشنکر ساکن دکھتن کا پوروا کوررہی تھانہ باگھرائے کے طور پر کی گئی۔
پولیس نے متوفی کی اہلیہ سپنا سروج کی شکایت پر نامعلوم کے خلاف قتل کا کیس درج کیا۔ پولیس نے وقوعہ کی تحقیقات کے دوران چھ ملزمان کے نام روشنی میں آنے پر جمعہ کو مختلف مقام سے متوفی کی اہلیہ سپنا سروج، برادر نسبتی گووند، ڈبلو سروج، موہت کمار، ندیم و شیو کمار کو گرفتار کرکے قتل میں استعمال کی گئی رسّی اور ایک جوڑا سونے کا جھمکہ برآمد کیا۔
بازپرس کے دوران ملزمہ سپنا نے قتل کی سازش کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا شوہر کنہیا سروج عرف رما شنکر نشے کا عادی تھا، وہ اس کو اور بچوں کو مارتا پیٹتا اور آس پاس کی خواتین پر گندی نظر رکھتا تھا۔ اس کے سبب روز بروز کہا سنی ہوتی تھی۔
اس نے اپنے بھائی گووند کے ساتھ مل کر قتل کا منصوبہ بنایا اور گذشتہ 15/ ستمبر کو اس کے بھائی نے اپنے مزید چار ساتھیوں کے ساتھ اس کے شوہر کا روڈ پر مندر کے نزدیک رسّی سے گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد لاش کو سنیاوں گاؤں میں واقع نہر میں پھینک دیا۔
مزید پڑھیں:مہاراشٹر: نابالغ کے ساتھ جنسی زیادتی، متاثرہ کی ماں سمیت سادھو گرفتار
اس نے اپنے بھائی کے ساتھیوں کو قتل کے عوض میں سونے کا جھمکہ دیا تھا۔ دیگر ملزمان نے سپنا کے بیان کی تائید کرتے ہوئے قتل کا اعتراف کیا۔ سبھی ملزمان کو جیل بھیجا گیا۔
یو این آئی