اس حوالے سے بنارس میں چودہوں کے سردار حاجی عبدالکلام کے نمائندے صالح انصاری نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بنارسی ساڑی کی منڈی بند ہونے کی وجہ سے چھوٹے بنکر کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔
ایک طرف لاک ڈاؤن ہے تو وہیں، دوسری طرف بنارسی ساڑی کا کاروبار بھی بند ہوچکا ہے۔ اب ایسے میں مسلمانوں کا سال کا سب سے بڑا تہوار قریب ہے۔ لوگ جوشی خوشی عید کی تیاری کر رہے ہیں لیکن جن بنکروں کے پاس رقم نہیں ہے، بڑے کاروباریوں نے ان کی رقم کی ادائیگی نہیں کی ہے، ان بنکروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
صالح انصاری نے سبھی بنکروں کی جانب سے بڑے تجارتی کاروباریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی طرح چھوٹے کاروباریوں کو رقم کی ادائیگی کریں تاکہ عید کے موقع پر انہیں مایوسی اور محرومی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ بنکر اس وقت شدید بحران سے دوچار ہیں۔
وہیں، بنارسی وستر ادیوگ ایسوسی ایشن کے صدر راجن بہل نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بنارسی ساڑی کی منڈی بند ہونے کی وجہ سے تقریبا پانچ سو کروڑ روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ عید کے موقع پر بنارسی ساڑی کا بازار عروج پر ہوا کرتا تھا۔ اب شادی بیاہ کا بھی موسم چل رہا ہے۔ اس موسم میں لاک ڈاؤن ہونا اور بازار بند ہونا، یہ نہ صرف بڑے کاروباریوں کے لیے تشویشناک لمحہ ہے بلکہ بنارس کے سبھی ساڑی تاجر و بنکروں کے لیے تشویشناک بات ہے اور بڑے پیمانے پر نقصان ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر ہم لوگوں کے درمیان آنے والا ہے۔ جو بڑے کاروباری ہیں، ان کو ڈیجیٹل ذرائع سے رقم کی ادائیگی کریں لیکن جو چھوٹے کاروباری ہیں، جن کے بینک اکاؤنٹس نہیں ہیں ایسے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے بھی ممکن ہو بڑے کاروباری چھوٹے کاروباریوں کا دھیان رکھیں۔ ان کی رقم کی ادائیگی کریں تاکہ عید کی خوشیاں انہیں بھی ملے اور کسی بھی بنکر کی دل آزاری نہ ہو۔