علیگڑھ: ضلع علیگڑھ کی مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے اور ان کی آواز کم کروانے سے متعلق معاملہ پر سابق رکن اسمبلی حاجی ضمیر اللہ نے کہاکہ ’وہ لوگ کہا گئے جنہوں نے ہم سے 1947 میں ہماری اور ہمارے مذہبی آزادی کا وعدہ کیا تھا، آج ہمیں کیوں پریشان کیا جا رہا ہے؟ ہمارے کھانے پینے، رہنے، حلال، حجاب، ڈاڑھی پر پابندی عائد کیوں کی جا رہی ہے، اس سے ملک کو نقصان ہوگا، فائدہ کچھ نہیں ہے‘۔ حکومت کی ہدایت پر مذہبی مقامات پر غیر قانونی طور پر نصب لاؤڈ سپیکر کو ہٹانے اور قانونی طور پر اجازت پائے لاؤڈ اسپیکر کی آواز معیار کے مطابق رکھنے کے لیے مہم چلائی جارہی ہے۔ اسکے تحت مذہبی مقامات پر اونچی آواز میں بجنے والے لاؤڈ سپیکر کو ہٹا دیا گیا ہے اور قانونی لاؤڈ اسپیکر کی آواز کو اجازت کی حد تک کم کرایا گیا۔
علیگڑھ انتظامیہ کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں کے مذہبی رہنماؤں سے رابطہ کر سبھی غیر قانونی لاؤڈ اسپیکرز کو ہٹایا جائے اور مقررہ ساؤنڈ ڈیسیبلز کی تعمیل کو یقینی بنایا جائے۔ مہم کے تحت مساجد سے لاؤڈ اسپیکر کو ہٹانے اور تیز آواز پر نوٹس جاری کئے جانے سے متعلق علیگڑھ رکن اسمبلی حاجی ضمیر اللہ نے کہا ہے کہ ایسا کرکے ہمیں پریشان کیا جا رہا ہے۔ جس طرح علی الصبح چوروں کے گھروں میں چھاپہ ماری کی جاتی ہے اسی طرح پولیس کی جانب سے مساجد میں چھاپا مارے جارہے ہیں۔ ضمیر اللہ کا الزام ہے کے چھاپے کے دوران مساجد کے موذن اور امام کو دھمکایا گیا کہ تم اذان نہیں دیں گے۔ سوال کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا وہ لوگ آج کہا ہے جنہوں نے 1947 میں ہمسے وعدہ کیا تھا کہ تم یہی رہوں تم پر اور تمہارے مذہب پر آنچ نہیں آئےگی، آج وہ لوگ کیوں نہیں بول رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اترپردیش میں دو مختلف حادثات میں تین دوستوں سمیت سات باراتیوں کی موت
واضح رہے کی علیگڑھ پولیس کی ٹیم نے شہر کا دورہ کیا اور سیکورٹی و امن، امان کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے مذہبی اور عوامی مقامات پر لگے لاؤڈ اسپیکر کی آواز کا بھی جائزہ لیا۔ مذہبی اور سماجی مقامات پر بجنے والے لاؤڈ سپیکر کی آواز کو چیک کیا گیا اور معیار کے مطابق آواز رکھنے کی ہدایت دی گئی اور تیز آواز، غیر مجاز لاؤڈ اسپیکر جو ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر لگائے گئے، انہیں ہٹایا گیا۔ اطلاع کے مطابق اس سلسلہ میں 24 لاؤڈ اسپیکر کی آواز معیار کے خلاف پائی گئی تو آواز کو کم کیا گیا اور کچھ کو نوٹس بھی دئے گئے ہیں۔