ایک جانب اتر پردیش حکومت کورونا اور اومیکرون کو روکنے کی تیاری کر رہی ہے تو وہیں اس کے نائب وزیراعلیٰ دنیش شرما سمیت متعدد ارکان اسمبلی اور کارکنان انتخابی ریلیوں میں کورونا گائیڈ لائنز کی دھجیاں اڑاتے نظر آئے۔
کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون کے بڑھتے ہوئے معاملات کی وجہ سے اتر پردیش حکومت نے 24 دسمبر کی شام کو گائیڈ لائن جاری ک جس کے مطابق رات کے کرفیو کو دوبارہ نافذ کرنے، ماسک پہننے اور سماجی دوری جیسی چیزوں کے بارے میں ہدایت دی گئی ہے۔
گائیڈ لائن میں ایک اہم ترین اصول یہ بھی ہے کہ شادیوں میں صرف 200 افراد ہی شریک ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب گائیڈ لائن بنانے والے حکومتی نمائندے 24 گھنٹے بعد ہی اس کی خلاف ورزی کرتے نظر آئے۔
ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما نے 25 دسمبر کو ہی اس گائیڈ لائن کو سائیڈ لائن کر دیا اور انتخابی اسٹیج پر پہنچتے ہی ان کا ماسک اتر گیا۔
نائب وزیراعلیٰ دنیش شرما نے ضلع غازی آباد کے مراد نگر علاقے میں بی جے پی کی جن وشواس یاترا میں شرکت کی لیکن اسٹیج پر پہنچتے ہی ماسک ہٹا دیا۔
سماجی دوری تو دور کی بات انہوں نے پورے سفر کے دوران ماسک نہیں پہنا۔
- اراکین اسمبلی اور کارکنان کو کورونا کا خوف نہیں؟
لونی علاقے میں بی جے پی کی جن وشواس یاترا میں بھی بی جے پی کے زیادہ تر کارکنان بغیر ماسک کے تھے جس کی وجہ سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔
غازی آباد کے لونی اسمبلی حلقہ میں بی جے پی کی جن وشواس یاترا میں بھی ایسی ہی صورتحال دیکھی گئی۔ یاترا کی قیادت باغپت کے ایم پی ستیہ پال سنگھ اور علی گڑھ کے ایم پی ستیش گوتم نے کی ان دونوں ارکان نے بھی ماسک نہیں پہنا تھا۔