ریاست اترپردیش کے رامپور میں وزارت اقلیتی امور کی جانب سے جاری ہنر ہاٹ میں مرد و خواتین کے ساتھ ساتھ چھوٹے بچے بھی بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔ جبکہ ملک میں کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے گذشتہ 8 ماہ سے 9 ویں کلاس سے نیچے کے تمام تعلیمی ادارے مسلسل بند ہیں۔ لیکن رامپور میں جاری ہنر ہاٹ میں پہنچنے پر حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی روک ٹوک نظر نہیں آ رہی ہے۔
دراصل چھوٹی صنعتوں کو فروغ دینے کے مقصد سے وزارت اقلیتی امور کی جانب سے رامپور کے نمائش گراونڈ میں گذشتہ 18 دسمبر سے ہنر ہاٹ جاری ہے۔ اس ہنر ہاٹ میں رامپور سمیت ملک کے دیگر اضلاع سے آئے ہنرمندوں کے اسٹالز کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ لوگ دستکاری کے ذریعہ تیار کئے گئے مختلف اقسام کے سامان اپنے ساتھ لائے ہیں اور شائقین کے درمیان اپنے ہنر کی نمائش کر رہے ہیں۔
اس دوران بڑی تعداد میں شائقین بھی یہاں پہنچ کر نہ صرف ان ہنرمندوں کے ہنر کو نہار رہے ہیں بلکہ دستکاری کے سامان یہاں سے خرید کر بھی اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔
ملک بھر میں جس طرح سے کورونا کے نئے معاملے سامنے آ رہے ہیں ان کو دیکھ کر ہرگز یہ نہیں کہا جا سکتا ہے کہ کورونا کا خطرہ اب ختم ہو گیا ہے یا کم ہو گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر عمردراز افراد اور چھوٹے بچوں کو عوامی مقامات اور اجتماعات جیسے بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے پر بدستور پابندی عائد ہے۔ ساتھ ہی گذشتہ 8 ماہ سے 9 ویں کلاس سے نیچے کے تمام تعلیمی ادارے بھی مسلسل بند ہیں۔
لیکن اس کے باوجود رامپور کے اس ہنر ہاٹ میں جہاں آپ کو دیگر لوگوں کے ساتھ ساتھ عمر رسیدہ افراد نظر آئیں گے تو وہیں اس بھیڑ کے درمیان چھوٹے بچوں کو بھی آپ بلا تکلف لطف اندوز ہوتے دیکھ سکتے ہیں۔
وزارت اقلیتی امور کی جانب سے جاری اس ہنر ہاٹ میں انتظامیہ کی جانب سے ہر سطح پر ایسے انتظامات کئے گئے ہیں جس سے کسی بھی طرح کورونا گائڈلائنس کی خلاف ورزی نہ ہو سکے۔ اس کے باوجود بڑی تعداد میں جس طرح سے بغیر کسی خوف کے یہ بچے اس بھیڑ بھاڑ کے درمیان گھوم رہے ہیں اس کو دیکھ کر صاف طور پر سمجھا جا سکتا ہے کہ انتظامیہ اپنی سخت سکیورٹی کے دوران ان کو نظر انداز کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جے ای ای مینز: اب آپ اردو زبان میں امتحان دے سکتے ہیں
ایسے میں ذہن میں یہ سوال آنا تو لازمی ہی ہے کہ اگر ضلع میں کورونا کے معاملوں میں اضافہ ہوتا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ کیا یہ بچے جو گذشتہ 8 ماہ سے اپنے تعلیمی اداروں سے دور ہیں یا حکومت اور اس کی انتظامیہ؟