کورونا وائرس کا خوف نہ صرف شہر بلکہ دیہات میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ دن بدن مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ جس کی وجہ سے گاؤں کے لوگ زیادہ چوکس ہو رہے ہیں۔ گاؤں میں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جہاں گاؤں کے لوگ گھروں سے باہر نہیں نکل رہے ہیں۔ وہیں گاؤں میں باہر سے آنے والے لوگوں پر بھی پابندیاں شروع کردی گئی ہیں جس کے لیے انہوں نے درختوں اور بانسوں کے ذریعہ گاؤں کی سرحدو کو مکمل طور پر بند کردیا ہے۔
ریاست اتر پردیش کے ضلع جون پور کی تحصیل کیراکت میں چوکیا اور گنگولی دو گاؤں ہیں جنہوں نے اپنے گاؤں کی سرحدوں کو بیرونی لوگوں کے لیے مکمل طور پر بند کردی ہیں۔ گاؤں کے لوگوں نے وزیر اعظم کے حکم کے بعد لاک ڈاؤن کی مکمل پیروی کی ہے۔
وہیں اب گاؤں میں بیرونی لوگوں کے داخلے کو روکنے کے لیے گاؤں کی سرحدوں پر پر بانس اور بلی ڈال کر مکمل طور پر لاک ڈاؤں کر دیا ہے۔ یہاں تک کہ بینرز لگا کر باہر والوں سے درخواست کی گئی ہے کہ براہ کرم باہر کے لوگ گاؤں نہ آئیں۔
ملک بھر میں کرونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر دیہاتیوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ گاؤں میں وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے صفائی کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے دوری کا بھی خیال رکھا جارہا ہے۔