ریاست اترپردیش کے ضلع شاہجہاں پور میں جمعرات کو دیر رات گاؤں والوں نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا، اس دوران گاؤں والوں نے پولیس اہلکاروں پر پتھر اور ڈنڈے سے حملہ کیا۔ اس واقعہ میں پولیس انسپکٹر سمیت نصف درجن پولیس اہلکار اور محکمہ بجلی کے تین ملازم بھی زخمی ہوئے۔
بتایا جارہا ہے کہ بی جے پی کے مقامی رکن اسمبلی روشن لال ورما کے ڈرائیور نے کئی گاؤں والوں کے ساتھ مل کر پہلے پاور ہاؤس پر حملہ کیا ، بعد میں پولیس اسٹیشن کے سامنے ٹرایفک جام کرنے کی کوشش کی، اس کے بعد گاؤں والوں نے بی جے پی رکن اسمبلی کے ڈرائیور کے کہنے پر پولیس اسٹیشن پر حملہ کر دیا۔
اس واقعہ میں گاؤں والوں نے انسپکٹر کا موبائل بھی چھین لیا ہے، فی الحال افسران تھانے پر حملے کے خلاف سخت کارروائی کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
یہ واقعہ تھانہ نگوہی کے علاقے گاؤں حمزہ پور کا ہے، بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کے مقامی رکن اسمبلی روشن لال ورما کے ڈرائیور مہیندر ورما جمعرات کی دیر رات میں بجلی نا ہونے کے سبب بجلی رسائی کے لئے پاور ہاؤس پہنچے۔
اس دوران بجلی کے کارکنوں سے تنازع ہو گیا اور ان کے ساتھ مار پیٹ ہو گئی۔ اس کے بعد بی جے پی رکن اسمبلی کے ڈرائیور نے گاؤں کے بہت سے لوگوں کے ساتھ لاٹھیوں سے پاور ہاوس پر حملہ کرد یا۔
حملے میں بجلی کے تین ملازم زخمی ہوگئے، بجلی کے زخمی کارکنوں نے پولیس کو اطلاع دی، اس کے بعد ایم ایل اے کا ڈرائیور بھیڑ کے ساتھ تھانے پہنچا، پاور ہاؤس میں تعینات ملازمین پر کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے روڈ بلاک کردیا گیا، پھر انسپکٹر گوبند سنگھ کے ساتھ ایک بحث ہوئی۔
اس کے بعد ایم ایل اے کے ڈرائیور کے کہنے پر گاؤں والوں نے پولیس اسٹیشن کے اندر پتھر اور لاٹھیوں سے حملہ کرنا شروع کردیا۔
واقعہ کے بعد ایس پی سٹی اور سی او صدر نے موقع پر پہنچ کر زخمی پولیس اہلکاروں سے معلومات حاصل کیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت ویڈیو بنائی لی گئی تھیں، ویڈیو اور سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔