لکھنؤ کا ٹنڈے کباب ہو یا نلی نہاری لاک ڈاؤن کے دوران لوگ اس کے ذائقے سے محروم ہیں۔ وجہ صاف ہے لاک ڈاؤن کے سبب انتظامیہ نے صرف آن لائن سروس کی اجازت دی ہے جبکہ ریستراں مالکان کا مطالبہ ہے کہ ریستراں میں کھانے پینے کی اجازت دی جائے، اور وہ کووڈ پروٹوکول پر عمل کریں گے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران ایک ریستراں مالک عابد قریشی نے کہا 'ہمارا انتظامیہ سے مطالبہ ہے کہ ہفتے اور اتوار کا لاک ڈاؤن بھی ختم کر دیا جائے کیونکہ ہم لوگوں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گزشتہ برس بھی ایسے ہی حالات تھے لیکن بعد میں انتظامیہ نے کووڈ پروٹوکول کے تحت ریستراں میں بیٹھ کر کھانے کی اجازت دی تھی۔ ہم لوگوں نے اس پر پورا عمل کیا تھا، ویسا ہی اس بار بھی کرنا چاہیے'۔
عابد قریشی نے کہا 'کورونا وائرس کے سبب ایک سال سے ہمارا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔ ہمیں اس سے بہت نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ فی الحال آن لائن سروسز کے ذریعے ڈلیوری ہو رہی ہے، اس سے ہمیں خاص فائدہ نہیں ہوتا لیکن کچھ نہ ہونے سے بہتر ہے'۔
انہوں نے کہا 'اگر ہم لوگ باضابطہ طور پر کسٹمر کے یہاں ڈلیوری دیں تو اس سے ہمارا نقصان ہو گا کیونکہ ہمارے پاس ملازمین کی کمی ہے۔ لاک ڈاؤن کے سبب بہت سارے کاریگروں کی چھٹی کر دی گئی ہے کیونکہ کام نہ ہونے سے انہیں تنخواہ دینا ہمارے لیے مشکل تھا۔ ہمارا یہی مطالبہ ہے کہ ریستراں میں بیٹھ کر کھانے پینے کی اجازت دی جائے تاکہ کاروبار دوبارہ شروع ہو سکے'۔
وہیں ریحان احمد نے بتایا 'ماہ رمضان میں ہمارے لیے سیزن ہوتا ہے لیکن لاک ڈاؤن نافذ ہونے سے ہوٹل بند رہا، جس سے ہمارا بہت نقصان ہوا ہے۔ انتظامیہ نے صرف آن لائن ڈلیوری کی اجازت دی ہے۔ پہلے ہمارے یہاں ہوٹل میں کئی لوگ ملازمت کرتے تھے لیکن مجبوری میں انہیں ہٹانا پڑا تھا۔ حکومت کو ایسے لوگوں کی بھی پرواہ کرنی چاہیے'۔
انہوں نے بتایا 'آن لائن ڈلیوری سے ہمیں نقصان اٹھانا پڑتا ہے کیوں کہ سویگی ہو یا زوماٹو ہمیں انہیں کمیشن دینا ہوتا ہے، جس سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ ہم محض اس لیے آن لائن آرڈر لے رہے ہیں تاکہ تھوڑا بہت کام چلتا رہے'۔
قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش میں ہفتے میں دو دن لاک ڈاؤن نافذ ہے جبکہ زیادہ تر لوگ ہفتے اور اتوار کو ہی باہر کھانے پینے کے لیے نکلتے ہیں۔ آن لائن سروس سے محدود لوگوں تک ہی ڈلیوری ہو رہی ہے۔