اترپردیش مدرسہ تعلیمی بورڈ نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس میں مدرسہ بورڈ سے منسلک سبھی امداد یافتہ مدارس کے اساتذہ کو آن لائن درس و تدریس کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے کہا گیا ہے۔
اس کے تحت ریاست کے سبھی امداد یافتہ مدارس کے اساتذہ رمضان المبارک میں آن لائن درس و تدریس کی سرگرمیوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔
اس سلسلے میں آل انڈیا ٹیچرز ایسوسی ایشن مدارس عربیہ کے جنرل سیکرٹری وحید اللہ خان سعیدی نے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش کے سبھی تعلیمی بورڈز نے اساتذہ کی تعطیل کے لیے ضابطہ بنایا ہے۔ اسی کے تحت تعطیل کا اعلان ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدرسہ بورڈ نے اپنے ہی ضابطے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایسا حکم جاری کیا ہے یہ حیران کن ہے۔
انہوں نے کہا مدرسہ بورڈ کی تعطیل کلاں رمضان المبارک کے موقع پر ہوتی ہے جس سے اساتذہ کو عبادات انجام دینے میں دشواری پیش نہ ہو لیکن اس برس کورونا وائرس کے قہر کے درمیان مدارس کے اساتذہ سے اضافی کام لیا جارہا ہے لہذا ان اساتذہ کی تعطیل کا خیال کرتے ہوئے دیگر اوقات میں چھٹی دی جائے تاکہ حق تلفی نہ ہو۔