ریاست اترپردیش کے پریاگ راج میں ان دنوں دبنگ اور سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد پر ریپڈ ایکشن لیا جا رہا ہے۔ عتیق کی تمام تر جائیداد کو ضبط کیا جارہا ہے۔ جے سی بی لگا کر کچھ عمارتوں کو توڑا بھی جا رہا ہے۔
اسی سلسلے میں آج دبنگ اور سابق رکن پارلیمان عتیق احمد پر ایک بڑی کارروائی کی گئی۔ پی ڈی اے کے ذریعہ آج عتیق کی آبائی رہائش گاہ کو مکمل طور پر منہدم کر دیا گیا۔ آج عتیق کی جائیدادوں پر 12 اہم کاروائیاں کی گئیں۔ انتظامیہ نے 20 سے زائد جائیدادوں کو نشان زد کیا۔ کربلا میں دفتر منہدم کرنے کے بعد انتظامیہ نے آج ایک بڑی کارروائی کی۔
پریاگ راج میں عتیق احمد کی مشکلیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ آج چکیا میں واقع عتیق کا آبائی گھر منہدم کر دیا گیا۔ پی ڈی اے کے ذریعہ گھریلو سامان کو باہر رکھ کر عمارت کو منہدم کر دیا گیا۔
بتا دیں کہ انتظامیہ اب تک تقریبا 2 درجن سے زائد غیر منقولہ جائیداد پر اپنا بلڈوزر چلا چکی ہے۔
ایک زمانے میں یہیں پر عتیق کا دربار لگا کرتا تھا۔ وہیں آج چاروں طرف پولیس انتظامیہ کے لوگ نظر آرہے تھے۔ عتیق کے وکیل کا کہنا ہے کہ یہ 70 برس پرانا مکان ہے، جب نقشہ کا کوئی مطلب نہیں ہوتا تھا۔
پی ڈی اے کے سیکریٹری دیانند پرساد کا کہنا ہے کہ یہاں تقریبا 4 بیگھا زمین پر مکان بنایا گیا تھا، جس میں 1973 کے ٹاؤن پلاننگ ایکٹ کے تحت نقشہ بھیجنے کا کام نہیں کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر ایس پی سٹی تھانہ انچارج سمیت پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔