ریاست اترپردیش کے ضلع مظفرنگر میں رام پور تیراہے کے گجر ہاسٹل میں 'اتم پردیش نرمان تنظیم' کے ذریعہ ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت تنظیم کے قومی صدر اجے پوار نے کی۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست کی 15 یونیورسٹیوں میں سے صرف تین یونیورسٹیاں مغربی اترپردیش میں ہیں، نیز 30 میڈیکل کالجوں میں سے صرف تین میڈیکل کالج مغربی اترپردیش کے لوگوں کو دیئے گئے ہیں۔ مغربی اترپردیش میں نہ تو این آئی ٹی ہے اور نہ ہی ایمس۔
اترپردیش آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچ بڑے ممالک کے برابر ہے اور اتنی بڑی ریاست میں قانون اور انتظامیہ کا بندوبست کرنا تقریباً ناممکن ہے۔
لہذا، ہم نے اپنی ورکشاپ میں مغربی اتر پردیش کو ایک علیحدہ ریاست بنانے کا مطالبہ رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہریانہ، ہماچل پردیش، پنجاب سے الگ ہوئے یا گجرات ریاست مہاراشٹر سے جدا ہوئے، ترقی یافتہ ریاستوں میں شامل ہیں۔
اسی طرح، اتراکھنڈ ، جھارکھنڈ اور چھتیش گڑھ میں اپنی اصل ریاست سے کہیں زیادہ ترقی کرتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ جب ایک کروڑ آبادی والے اتراکھنڈ اور ڈھائی کروڑ کی آبادی والا ہریانہ تشکیل دیا جاسکتا ہے، تو اتر پردیش کی 25 کروڑ آبادی کو تقسیم کرکے آٹھ کروڑ کی الگ (پسچمنچل) ریاست کیوں نہیں بن سکتی۔ پریس کانفرنس میں تنظیم کے بہت سے کارکن موجود تھے۔