ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے اردو ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کی جانب سے عالمی یومِ اردو کے موقع پر علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر محفل ریسٹورینٹ میں ایک عظیم الشان اردو کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ایڈووکیٹ عبدالغفور نے کی اور نظامت کلیم تیاگی نے کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی عبدالمجید نظامی (ڈپٹی گروپ ایڈیٹر، راشٹریہ سہارا) تھے۔ جن کو اردو تبلیغ اور صحافتی خدمات پر علامہ اقبال ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے تنظیم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 'اردو نہ صرف ایک زبان ہے بلکہ ہندوستان کی تہذیب اور مشترکہ ورثہ بھی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اردو کی ترقی کے لیے بیساکھیوں کا سہارا لینے کے بجائے خود ہی قدم اٹھانے ہوں گے لیکن ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے آپ کو اپنی ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔'
تنظیم کے ضلع صدر کلیم تیاگی نے کہا کہ 'ہمیں اردو کے فروغ کی ذمہ داری اٹھانی ہوگی ہم جلد ہی ایک مرکز قائم کرنے جارہے ہیں جہاں پر مفت اردو پڑھائی جائیں گی۔' انہوں نے کہا کہ 'اردو ہماری مشترکہ ثقافت اور ہندوستانی زبان ہے۔'
یہ بھی پڑھیں:
دارالعلوم دیوبند کے استاد مولانا صداقت قاسمی نے کہا کہ 'علامہ اقبال کے پیغام کو دنیا میں پھیلانے کی ضرورت ہے اگر ہمارے نوجوان علامہ اقبال کی شاعری کو پڑھ اور سمجھ لیں تو یقیناً ان کی زندگی میں انقلاب آسکتا ہے۔' انہوں نے کہا کہ 'اردو کا پرچم لہرانے والے مبارک باد کے مستحق ہیں۔'
کنوینر تحسین علی نے کہا کہ 'تنظیم نے اردو خطاطی کے مقابلے کا انعقاد کیا تھا جس میں ضلع کے مختلف اسکولز کے طلباء نے حصہ لیا انہیں اسناد اور ٹرافی سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ سماجی کارکن اسد فاروقی کے بھانجے اریب احمد کو اسرو میں بطور سائنسداں مقرر ہونے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔