جالون: اترپردیش کے ضلع جالون کے کوٹرا علاقے میں چھیڑ خانی سے تنگ ایک اسکولی طالبہ نے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اہل خانہ کی تحریر پر پولیس نے گاؤں کے دو افراد پر چھیڑ خانی اور خودکشی کے لئے اکسانے کی دفعات میں مقدمہ درج کیا ہے۔ ملزمین فرار بتائے گئے ہیں۔
متاثرہ کے والد نے پولیس کو دی تحریر میں بتایا کہ اسکول جاتے وقت گاؤں کے پشپیندر اور دیاشنکر ان کی بیٹی دکشا(16) کو پریشان کرتے تھے۔ اس کی شکایت کئی بار دونوں لڑکوں کے اہل خانہ سے کی تھی لیکن نوجوان کے اہل خانہ نے الٹا انہیں دھمکی دی تھی۔ پیر کو ایک بار پھر بیٹی کے ساتھ دونوں نوجوانوں نے چھیڑ خانی کی جس سے دلبرداشتہ ہوکر بیٹی نے دیر رات گھر پر دوپٹے سے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔
والد کے مطابق حادثے کی جانکاری صبح اس وقت ہوئی جب کمرے میں دکشا کی لاش پھانسی پر جھولتی ہوئی ملی۔ کوٹرا تھانہ انچارج انسپکٹر ارئی سی او گرج شنکر ترپاٹھی کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ پولیس نے متوفیہ کی موبائل اور دیگر اشیاء کو قبضے میں لے کر جانچ شروع کردی ہے۔ متوفیہ کے والد کی تحریر پر دونوں ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایس پی جالون اعراض راجا نے بتایا کہ ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ان کی گرفتار کی کوشش کی جارہی ہے۔ طالبہ کے موبائل کو قبضے میں لے کر اس کا ڈاٹا ریکور کیاجارہا ہے۔ جس سے معاملے میں شواہد جمع کئے جاسکیں۔
یواین آئی