اترپردیش کے سہارنپور کے دیوبندعلاقے میں آج تحصیل احاطہ میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی دیہات ودیہ ساگر مشر نے پولیس اور کمیٹی کے ارکان سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مستعد رہیں کیونکہ شرپسند عناصر علاقہ کا ماحول خراب کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک ہوشیار شہری کا کردار ادا کرتے ہوئے اپنے اپنے بچوں کو زیادہ وقت سوشل میڈیا پر نہ گزارنے دیں بلکہ موجود ہ حالات میں انہیں اس سے دور ہی رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر علاقہ میں کچھ مشتبہ افراد نظر آئیں تو اس کی اطلاع فوراً پولیس کو ضرور دیں تاکہ وقت رہتے ان پر کارروائی کی جاسکے، ایس ڈی ایم راجیش کمار اور سی او چوبھ سنگھ نے کہا کہ علاقہ میں امن وامان قائم رکھنے میں علاقہ کے باشندوں کا ابھی تک انتظامیہ کے ساتھ بڑا تعاون رہاہے اور آگے بھی اسی طرح یہ قائم رہے گا۔
اس سے آپسی بھائی چارہ اسی طرح بنا رہے، انہوں نے کہا کہ تہوار سبھی کے لئے ہوتے ہیں ، ہمیں ایسا ماحول تیار کرنا ہے تاکہ آپس میں پیارومحبت ہمیشہ اسی طرح قائم رہے۔
انہوں نے کہا کہ دیوبند ایک عالمی شہرت یافتہ شہر ہے اور یہاں کی قومی یکجہتی کی مثال دور دور تک دی جاتی ہے اور اس کو قائم رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،۔
تھانہ انچاج وائی ڈی شرما نے میٹنگ میں موجود لوگوں سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی، اس دوران شہر کے باشندوں نے شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لئے افسران کے سامنے کچھ تجاویز بھی پیش کی جس پر ایس پی دیہات نے علاقائی افسران کو ان پر عمل کرنے کی ہدایت دی،۔