ریاست اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سماجوادی پارٹی مکمل طور سے تیار ہے۔ پارٹی کے تمام سیل بھی مکمل طور سے مستعد ہیں۔ ہر روز اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں مختلف سیل کے ذریعے پروگرامز کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ اسی ترتیب میں جمعرات کو پارٹی کے مختلف پروگرامز میں شرکت کرنے بارہ بنکی پہنچی سماجوادی پارٹی کی خواتین سیل کی قومی صدر جوہی سنگھ سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے خصوصی گفتگو کی۔
جوہی سنگھ نے ای ٹی وی بھارت سے خاص گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کی تیاریوں سے متعلق بتایا کہ ان کی تیاری مکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی بوتھ سطح کو درست کرنے میں لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں تنظیم میں نیا کچھ نہیں کرنا ہے بلکہ جو پرانا ڈھانچا ہے اسی کو مضبوط کرنا ہے۔
یہ پوچھے جانے پر کہ خواتین کے کاموں کے لئے مرکزی حکومت کافی تشہیر کررہی ہے، اجولا گیس کنکشن، وزیراعظم آواس اسکیم کی تشہیر کے دوران وہ کیسے اس کا مقابلہ کرسکیں گی، جوہی سنگھ نے کہا کہ اجولا گیس اسکیم صرف نام کی ہے، خواتین گیس سیلنڈر بھروا تک نہیں پارہی ہیں۔ وزیراعظم آواس اسکیم پہلے سے تھی۔ انہوں نے سوال کیا کہ لوہیا آواس اسکیم کیوں بند کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آواس اسکیم تو مرکزی اسکیم ہے، یوگی جی بتائیں کہ انہوں نے کیا کیا ہے؟
یہ بھی پڑھیں: نوئیڈا: عام آدمی پارٹی کی ’یو پی جوڑو مہم‘
یہ پوچھے جانے پر کہ نصف آبادی کو اپنی جانب راغب کرنے کے لئے پارٹی کی کیا منصوبہ بندی ہے، جوہی سنگھ نے کہا کہ آج سے نہیں لوہیا جی کے زمانے سے خواتین ہمارے ایجنڈہ میں رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی اقتدار میں آئی تو خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔