اترپردیش کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبہ کے صدر شاہنواز عالم نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران کہا کہ 'اعظم گڑھ میں مظاہرین خواتین کو مارا پیٹا گیا۔ پولیس نے ربر گولی چلائی، آنسو گیس چھوڑا گیا، اس کے علاوہ جہاں پر وہ لوگ دھرنے پر بیٹھی تھیں، وہاں پر پانی بھر دیا گیا۔'
خواتین کے ساتھ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ ایسا کرکے پولیس عوام کے درمیان اپنا اقبال ختم کر رہی ہے۔ ان سب کے پیچھے صوبے کے وزیر اعلیٰ ہیں کیونکہ وہ اعظم گڑھ کے مسلمانوں سے خاص طور پر نفرت کرتے ہیں۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک موقع پر بیان دیا تھا کہ جب وہ اعظم گڑھ آتے ہیں، تو وہاں کی مزار درگاہ ان کی آنکھوں میں کھٹکتی ہیں۔ انہیں جلد ہی بابری مسجد کی طرح ڈھانچے میں تبدیل کر دینا چاہیے۔ یہی وجہ ہے کہ یوگی آدتیہ ناتھ اب کوئی موقع چھوڑنا نہیں چاہتے۔
شاہنواز عالم نے سماج وادی پارٹی کے قومی صدر و اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو پر سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ سوال یہ اٹھتا ہے کہ اکھیلیش یادو جو وہاں سے پارلیمان رکن ہیں خاموشی کیوں اختیار کر رکھا ہے؟ جب کہ پولیس وہاں کی خواتین کے ساتھ ظلم و زیادتی کر رہی ہے۔ ایسے میں اکھیلیش خاموش کیوں ہیں اس کی کیا وجہ ہے؟
سی اے اے اور این آر سی کے سوال پر شاہنواز نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ سے ہی عوام کے سوالوں پر لڑتی آرہی ہے اور اب بھی وہ سی اے اے اور این آر سی پر عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں نے ہی ملائم سنگھ کو 'مولانا ملائم' کا لقب دیا، باوجود اس کے سماجوادی پارٹی نے مسلم سماج کے لیے کوئی کام نہیں کیا بلکہ جب شانہ بشانہ چلنے کی بات آئی تو سپا نے مسلم سماج کو بیچ بھنور میں تنہا چھوڑ دیا۔
شاہنواز عالم نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو نے ایوان میں کہا تھا کہ وہ دوبارہ وزیر اعظم کے طور پر نریندرمودی کو دیکھنا چاہتے ہیں۔
اکھیلیش یادو بھی اسی راہ پر ہیں کیونکہ جب بھی مسلمانوں کا مسئلہ آتا ہے وہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔