مظفر نگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں گزشتہ روز چند شاطر چوروں نے ایک ہندی روزنامہ کے دفتر کا تالہ توڑ کر لاکھوں روپے کے سامان پر ہاتھ صاف کر دیا تھا۔ اخبار کی جانب سے مقامی تھانے میں شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ شکایت درج ہونے کے بعد ہم نے معاملے کو سنجیدگی سے لیا اور اس معاملے میں چار ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ دراصل یہ سارا معاملہ سول لائن تھانے کے علاقے میں واقع یونیک پلازہ مارکیٹ کا ہے جہاں 14 اگست کی رات ایک اخبار کے دفتر کا تالہ توڑ کر لاکھوں روپے کا سامان چوری کر لیا گیا تھا۔
پولیس نے مزید کہاکہ چار شاطر چوروں کو پولیس نے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی جن کے قبضے سے ایک چوری کی بلٹ موٹر سائیکل، اے سی کا آؤٹ ڈور، دو لیپ ٹاپ، کمپیوٹر اور موبائل فون سمیت بھاری مقدار میں چوری شدہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چوروں نے اس واردات کو انجام دینے سے پہلے یونیک پلازہ مارکیٹ میں لگے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کو کاٹ دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: Nikhat Ansari Released from Jail مختار انصاری کی بہو نکہت انصاری چھ ماہ بعد چترکوٹ جیل سے رہا
پولیس نے اس معاملے میں سنجیدگی دکھاتے ہوئے کچھ بچے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان ملزمین کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ مظفر نگر ایس پی سی ٹی ستیہ نارائن پرجپت نے پریس کانفرنس کر اس واردات کا انکشاف کیا۔