میرٹھ: لیسڑی گیٹ تھانہ علاقہ کے یمنا نگر میں مبینہ طور پر سسرال کے لوگوں نے بہو کی پٹائی کی اور اس پر تیزاب ڈال دیا جس کی وجہ سے خاتون جھلس گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ کے میکے والے اس کے سسرال پہنچے اور پولیس کو معاملے کی اطلاع دی۔ پولیس نے موقعے پر پہنچ کر خاتون کو علاج کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ خاتون کے میکے والوں نے شکایت درج کرکے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شیام نگر کی رہنے والی گل افشاں کی شادی تقریباً 2 سال قبل لوہیا نگر تھانہ علاقہ کے رہنے والے حنیف کے بیٹے گلزار سے ہوئی تھی۔ شادی کے کچھ عرصے بعد ہی گل افشاں کے سسرال والوں نے جہیز نہ لانے پر اسے ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ متاثرہ نے اپنے دیور پر بھی سنگین الزامات لگائے ہیں۔ متاثرہ کے مطابق اس نے دیور کی شکایت اپنے شوہر اور سسرال والوں سے کی تو انہوں نے الٹا اسے ہی مارنا شروع کردیا۔
متاثرہ لڑکی کا الزام ہے کہ جمعہ کو اس کے سسرال والوں نے اسے شادی میں لے جانے کی ضد کی۔ متاثرہ نے شادی میں شرکت سے انکار کیا تو سسرالیوں نے متاثرہ کو شدید مارا پیٹا اور تیزاب پھینک دیا۔ اس کے مطابق لوگوں کی مدد سے وہ کسی طرح باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: تیزاب پھینکنے والے دو افراد کو عمر قید کی سزا
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی خاتون کے میکے والے پہنچے اور پولیس کو معاملے کی اطلاع دی۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور متاثرہ کو علاج کے لیے ضلع اسپتال بھیج دیا۔ میرٹھ میں ایک خاتون پر تیزاب پھینکے جانے کے بارے میں لوہیا نگر تھانے کے انچارج کے پی سنگھ کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنے سسرال والوں پر تیزاب پھینکنے کا الزام لگایا ہے۔ خاتون کو علاج کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ کیس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔