لکھنؤ: سابق رکن پارلیمان عتیق احمد اور ان کے بھائی خالد عظیم عرف اشرف کو کل پولیس کی موجودگی میں میڈیکل انکوائری کے لئے لے جاتے وقت گولی مار کر قتل کئے جانے کے معاملے کی جانچ کے لئے اترپردیش حکومت نے اتوار کو تین رکنی جوڈیشیل کمیشن کی تشکیل دی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے آرڈر جاری کردیا ہے۔ کمیشن کی تشکیل کمیشن آف انکوائری ایکٹ 1952 کے تحت کی گئی ہے۔ آرڈرکے مطابق کمیشن کی قیادت الہ آباد ہائی کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس اروند کمار ترپاٹھی(11) کریں گے جبکہ سابق ڈائرکٹر جنرل آف پولیس(ڈی جی پی)سبھیش کمار سنگھ اور ریٹائرڈ جج برجیش کمار سونی کو کمیشن کا رکن نامزد کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ کمیشن اپنی جانچ رپورٹ دو مہینوں میں ریاستی حکومت کو سونپے گا۔ قابل ذکر ہے کہ عتیق اور ان کے بھائی اشرف کا گذشتہ کل تین مسلح حملہ آوروں کے ذریعہ اس وقت مار کر قتل کردیا تھا جب وہ پولیس کے ذریعہ میڈیکل انکوائری کے لئے کولون اسپتال لے جائے جارہے تھے۔دونوں نے تین مسلح افراد نے اپنا نشانہ بنایا جو میڈیا اہلکار کے بھیس میں آئے تھے۔بعد میں پولیس نے تینوں کو گرفتارکرلیا۔امیش پال قتل واردات کے سلسلے میں عتیق اور اشرف پانچ دنوں کی پولیس تحویل میں تھے۔
واضح رہے کہ عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کو ہفتہ کی رات پریاگ راج میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس نے تینوں حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا۔ اتوار کو عتیق اور اشرف کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد کساری مساری قبرستان سپرد خاک کیا گیا۔
یواین آئی