ریاست اترپردیش کے ضلع علی گڑھ میں واقع عالمی شہرت یافتہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) انتظامیہ نے کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر مولانا آزاد لائبریری کے سبھی ریڈینگ ہال بند کر دئے ہیں۔
اے ایم یو مولانا آزاد لائبریری کے لائبریرین ڈاکٹر محمد یوسف نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ کووڈ کے تیزی سے بڑھتے معاملات کے پیش نظر مولانا آزاد لائبریری کے سبھی ریڈنگ ہال کو بند کر دیا گیا ہے۔
ریاست اترپردیش کی حکومت کی جانب سے ہدایات جاری ہونے کے بعد اور وائس چانسلر کے نوٹس کے بعد یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری کو طلبا کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد یوسف نے مزید بتایا کہ لائبریری اسٹاف کے لیے کھلی ہوئی ہے لیکن اسٹاف کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سماجی دوری کے ساتھ سینیٹائزر اور فیس ماسک کا استعمال کریں۔
اے ایم یو انتظامیہ نے جواہر لال نہرو میڈیکل کالج اور ڈاکٹر ضیاءالدین احمد ڈینٹل کالج کی سبھی او پی ڈی خدمات کو بھی آج سے بند کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی کنٹرولر امتحانات کی جانب سے آج جاری نوٹس کے مطابق دسویں اور بارہویں جماعت کے چل رہے امتحانات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ طلبا و طالبات کو اپنے گھر جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔