اتر پردیش کے ضلع بریلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اقلیتی سیل کے ضلع صدر جنید حسین نے کہا کہ کانگریس پارٹی، ضلع سطح سے لیکر ملک گیر پیمانے پر اصل اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے۔ چاہے مرکز میں ہو یا پھر ریاستی سطح پر، کانگریس پارٹی کے تمام عہدیداران اور کارکنان سڑکوں پر آکر عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔
جنید حسین نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس موضوع پر صاف موقف رکھتی ہے کہ اقلیتی طبقے کی خوش حالی کے بغیر اس ملک کی ترقی کا تصور بےمعنی ہے۔ کانگریس پارٹی ہر طبقہ کی ترقی اور خوش حالی کے لیے پرعزم ہے۔
بتادیں کہ کانگریس پارٹی نے 16 نکات پر مشتمل ایک عزم نامہ جاری کیا ہے، جس میں سی اے اے کے خلاف احتجاج کرنے کے دوران جن لوگوں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ وہ واپس ہوں گے اور متاثر لوگوں کو معاوضہ بھی دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مسلمانوں کا اتحاد بنے گا یوگی حکومت کی بے دخلی کا باعث: اویسی
ریاست راجستھان کی طرز پر ہجومی تشدد یعنی ماب لنچنگ کے خلاف قانون بنانے کی کوشش کی جائےگی۔ بُنکروں کو واجب قیمت پر بجلی دی جائےگی۔
سماجوادی پارٹی کے دور حکومت میں بند مشینریوں کو کھولا جائےگا اور لائسنس کے عمل کو آسان بنانے کی کوشش کی جائےگی۔
امبیڈکر ہاسٹل کی طرز پر ہر ضلع میں مولانا آزاد ہاسٹل قائم کیے جائیں گے۔ مدرسہ جدیدکاری کی مہم میں شامل مدارس کے اساتذہ کو تنخواہ دی جائےگی۔
اس کے علاوہ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام منصوبوں پر کام کیا جائے گا۔ کانگریس کمیٹی کی ریاستی سیل نے ضلع سطح پر اقلیتی سیل کے ضلع صدر کو تمام عزم نامے ارسال کرکے اقلیتی طبقہ کے درمیان جانے اور اُنہیں کانگریس کے ساتھ آنے کی دعوت دینے کی ہدایت دی ہے۔