وارانسی: اترپردیش کے نائب وزیر اعلی دنیش شرما نے جمعہ کو کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سی بی ایس سی بورڈ کی طرز پر ریاستی حکومت بھی یوپی بورڈ کے نصاب میں تخفیف کرے گی۔
ڈاکٹر شرما نے ورچول پریس کانفرنس میں وارانسی کے میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سی بی ایس سی کی طرز پر یوپی بورڈ کے نصاب میں بھی تخفیف کی جائےگی۔ نصاب میں تخفیف سے قبل غور و خوض کیا جارہا ہے۔ تمام متعلقہ افراد کی رائے لینے کے بعد کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔ اس کے لئے ضروری کاروائی جارہی ہے اور جلد ہی تفصیلی جانکاری فراہم کی جائے گی۔
ڈاکٹر شرما نے کہا کہ 'کورونا وائرس کے پیش نظر اگست تک ریاست کے اسکول اور کالجوں میں کلاسز کے چلنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں لیکن یوجی و پی جی کے امتحانات سال کے آخر میں اگست۔ستمبر تک منعقد کی جائے گی ۔ اگست میں کچھ امتحانات منعقد کرنے کے بعد حالات کا جائزہ لیا جائے گا اور آگے کلاسز چلانے یا نہ چلانے کے بارے میں کوئی فیصلہ ہوگا۔
نائب وزیر اعلی نے کہا کہ اعلی تعلیم کے معاملے میں یوجی سی کی جانب سے جاری رہنما ہدایات کے تحت امتحانات اور کلاسز کے انعقاد کے بارے میں کوئی فیصلہ لیا جائے گا۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'جن کالجوں اور یونیورسٹیز میں داخلے کے لئے انٹرنس کا نظام پہلے سے ہی چلا آرہا تھا وہاں کے انتظامیہ کو کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا شدہ نئے حالات کے پیش نظر میرٹ کی بنیاد پر داخلہ کرنے یا آن لائن انٹرنس منعقد کرنے یا نہیں کرنے کے بارے میں خود کوئی فیصلہ لے سکتا ہے۔