لاک ڈاؤن کے دوران یہ چوتھی گرفتاری ہے جب پولیس نے 21 دسمبر میں مظاہرے کے دوران رونماء ہونے والے تشدد کا ملزم قرار دیکر گرفتار کیا ہے۔
رامپور کے تھانہ کوتوالی علاقے میں 21 دسمبر 2019 کو ہوئے سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف مظاہرے کے دوران رونماء ہونے والے تشدد معاملے میں پولیس نے تشدد کا قصوروار قرار دیکر آج ایک اور شخص کو گرفتار کیا ہے۔
اس سلسلے میں تھانہ کوتوالی میں مقدمہ نمبر 655/19 دفعہ 302، 307، 149، 148، 147، 333، 332، 143، 186، 353، 427، 336، 435، 188 اور 3/4 پبلک پراپرٹی ایکٹ کے علاوہ دفعہ7 سی ایل ایکٹ کے تحت ناظم مولانا وغیرہ سمیت 116 لوگوں کو نامزد اور ایک ہزار سے زیادہ نامعلوم کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔
پولیس نے تشدد کے بعد کارروائی کرتے ہوئے 28 لوگوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا اور آج تھانا کوتوالی پولیس نے مذکورہ معاملہ میں مطلوب چل رہے شخص ندیم ولد سلمان عرف ببلو ساکن کاشی رام کالونی، تھانہ سول لائن کو نگرپالیکا گیٹ کے پاس سے گرفتار کرکے کاروائی کی ہے۔
اس کے علاوہ دیگر مطلوبہ افراد کی گرفتاری کے لئے بھی پولیس نے اپنی کوشش جاری کر رکھی ہے۔
19 دسمبر 2019 کے معاملے پر یہ چوتھی گرفتاری ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پولیس کی جانب سے یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے اور تمام سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے ساتھ ہی کورٹ کچہریاں بھی بند ہیں۔ وہیں رمضان المبارک کا مہینہ بھی جاری ہے۔