ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی کے ٹرانس فیوجن میڈیسن ڈیپارٹمنٹ میں دو افراد کے ذریعہ پلازما عطیہ کیا گیا جو ہفتہ کے روز کورونا انفیکشن سے ٹھیک ہوگئے تھے۔ ان میں سے ایک کے جی ایم یو کا رہائشی ڈاکٹر توصیف ہیں جبکہ دوسرا لکھیم پور کھیری سے تعلق رکھنے والے اوما شنکر مشرا ہیں۔ دونوں کو کورونا انفیکشن ہونے کے بعد کے جی ایم یو میں داخل کرایا گیا تھا اب علاج کے بعد دونوں افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔
کے جی ایم یو میڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ '25 اپریل کو کورونا سے متاثرہ دو مریض مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد انہوں نے پلازما عطیہ کیا ہے۔ اس پلازما کو شدید کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ پلازما کے عطیہ سے حاصل ہونے والی اینٹی باڈیز کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تندرستی میں بہت مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔ پلازما عطیہ کرنے کے اس پورے عمل کو پلازما فیریسس کہا جاتا ہیں۔
کورونا سے متاثرہ ان افراد کا علاج پلازما تھراپی کے ذریعے کیا جائے گا جس پر عام علاج اور دوائیں غیر موثر ثابت ہورہی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ مریض جو کورونا وائرس کے انفیکشن کے نازک مرحلے پر پہنچ چکے ہیں وہ پلازما تھراپی کے عمل میں شامل ہوں گے۔
پلازما فیریسس کی ٹیم میں انسٹی ٹیوٹ کے وائس چانسلر پروفیسر ایم ایل بی بھٹ، ٹرانس فیوجن میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر تولیکا چندر، ڈاکٹر ایس پی ورما، ڈاکٹر امیتا جین، ڈاکٹر سروچی، ڈاکٹر سوریکانت، محکمہ میڈیسن کے سربراہ پروفیسر وریندر آتم، ڈاکٹر کے کے ساولانی اور شعبہ پیتھالوجی سے ڈاکٹر واحد شامل ہیں۔