اطلاعات کے مطابق اترپردیش کے ضلع بریلی کے تھیریا نظامت خان علاقے کے دو افراد اور گاؤں اُنڈلا جاگیر کا ایک شخص بھی اس بس میں سوار تھا اور تینوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
اس حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے سگے چاچا، بھتیجا اور بھانجا شامل ہیں۔ اس کی خبر ملتے ہی ہلاک شدہ افراد کے لواحقین اور رشتہ داروں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دو دن قبل سعودی عرب میں حجرہ روڈ پر الکحل علاقے کے پاس مکہ سے مدینہ جارہی بس حادثے کی شکار ہوئی۔بس میں آگ لگنے کی وجہ سے 35 مسافر ہلاک ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 35 برس کے نوشاد خان، 25 برس کے آفتاب خان اور 20 برس کے ذیشان خان کے طور پر ہوئی ہے۔
ہلاک شدہ افراد نے حادثے سے کچھ وقت قبل اپنے اہل خانہ سے رابطہ کیا تھا لیکن سگنل کمزور ہونے کے سبب ان کی بات چیت نہیں ہوپائی تھی۔
ایک ہی کنبہ کے تین افراد کی موت سے لواحقین اور رشتہ داروں میں غم و ماتم کا ماحول ہے۔
گھر والوں کے مطابق تینوں افراد سعودی عرب کے شہر ریاض میں بطور الیکٹریشن اور پینٹر کام کرتے تھے اور گزشتہ ایک دہائی سے زائد وقت سے وہیں کام کر رہے تھے۔
ان کے مطابق تقریبا 10 برس قبل بھتیجا آفتاب خان بطور اِلیکٹریشن ملازمت کے لیے ریاض گیا تھا اور چھ برس قبل اُس نے اپنے چاچا نوشاد اور ذیشان خان کو بھی اپنی کمپنی میں ملازمت دلوائی تھی۔