بہت بڑے رقبے میں بنے اس پارک میں جھیل کے لئے خاص انتظام کیا گیا ہے۔ ابھی اس جھیل میں پانی تو بالکل نہیں ہے لیکن اس مقام کا نام پہلے سے ہی جھیل پڑ گیا ہے۔ جہاں دور دراز سے سیاح اس کا لطف لینے آتے ہیں۔
رامپور میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے سماجوادی دور حکومت کے شہری ترقی کے وزیر محمد اعظم خاں نے 24 کروڑ روپئے کی مالیت سے کستوربا گاندھی پکشی وہار پارک کی تعمیر کرائی تھی۔ تقریباً دو سال پہلے اُس وقت کے وزیراعلیٰ اکھلیش یادو نے اس پارک کا افتتاح بھی کر دیا تھا لیکن ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے بعد سے اس سیاحتی مقام پر تالے ڈال دیے گئے تھے۔ افتتاح کے باوجود بھی اس کے نہیں کھلنے کی وجہ سے عوام میں کافی مایوسی تھی۔
اسی کے مدنظر موجودہ ضلع کلیکٹر اے کے سنگھ نے ابھی دو مہینے پہلے ہی عوام کے لئے اس کو کھول دیا ہے۔ کافی بڑے رقبے میں تعمیر کیا گیا سر سبز و شاداب یہ پارک رامپور میں سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ اس پارک کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں ایک خوبصورت جھیل کی بھی تعمیر کرائی گئی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ جلد ہی اس میں واٹر پارک کی شروعات کی جائے گی جس میں آپ یہاں بوٹنگ کا بھی لطف لے سکیں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نہ تو یہاں ابھی جھیل میں پانی ہے اور نہ ہی جھیل میں چلنے والی کشتاں یا بوٹس ہیں لیکن اس کے باوجود بھی سیاح بڑی تعداد میں اس خشک جھیل کا لطف لینے یہاں پہنچتے ہیں۔
افتتاح کے دو برس بعد ہی صحیح لیکن اس پارک کے تالے تو عوام کے لئے کھول دیے گئے ہیں اب دیکھنا یہ ہوگا کہ اس پارک کی اصل رونق یعنی جھیل میں پانی لانے میں کتنا مزید وقت درکار ہے۔