لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے پیر کو حکمراں جماعت بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے اس نے جھوٹ پھیلانے کا ٹھیکہ لے کر ہے اور ڈبل انجن حکومت جھوٹے اعداد پیش کرنے کا ریکارڈ بنارہی ہے۔
یہاں جاری بیان میں ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے کام میں کہیں بھی شفافیت و ایمانداری نہیں دکھائی دیتی ہے۔حکومت کے ذریعہ131 کروڑ سے زیادہ شجر کاری کا دعوی کیا جارہا ہے جبکہ شجر کاری کے نام پر زیادہ تر اضلاع صرف خانہ پری ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جےپی حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے ترقیاتی کام ٹھپ پڑ گئے ہیں۔مہنگائی اور بدعنوانی شباب پر ہے۔بی جے پی نے نظام کو برباد کردیا ہے۔
سابق وزیر اعلی نے کہا کہ بی جے پی حکومت چھ سال سے زیادہ مدت کار میں سڑکوں پر گڑھے بھرنے کے جھوٹے دعوی کرتی چلی آرہی ہے۔ کئی تاریخوں اور کئی بجٹوں کی فراہمی کے باوجود کہیں کام نہیں دکھائی دے رہا ہے۔ سڑکوں کے گڑھے بھرے نہیں ہیں۔ تمام اضلاع میں سڑکوں میں گڑھوں کی وجہ سے حادثات میں شہریوں کی اموات ہورہی ہیں۔وزیر اعلی بتاتے نہیں کہ گڑھے بھرنے کے لئے بجٹ میں جاری رقم رکھی گئی تو وہ کسی کی جیب میں چلی گئی ہے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی حکومت اترپردیش کی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کا کام کررہی ہے۔ گڑھوں سے پاک کرنے کے نام پر صرف جھوٹے بیان بازی ہورہی ہے۔ بستی، میرٹھ، مین پوری اور قنوج میں خستہ حال سڑکوں میں کئی کئ فٹ گہری سڑکیں ہیں۔ راجدھانی لکھنؤ میں مختلف علاقوں میں سڑکیں اکھڑی پڑی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کا سب سے بڑا جھوٹ تو بجلی کی سپلائی کے حوالے سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے اپنے ساڑھے چھ سالہ مدت کار میں بجلی کا ایک بھی پلانٹ نہیں لگایا ہے۔ نہ ہی بجلی کےپلانٹوں کی اہلیت میں اضافہ ہوا ہے۔ پھر بھی 24گھنٹے بجلی دینے کا جھوٹا دعوی کیا جارہا ہے۔مرکزی وزارت توانائی کی رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں میں بجلی سپلائی میں ہماچل پردیش کو چھوڑ کر ملک کے دیگر ریاستوں سے اترپردیش پیچھے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریاست میں بدعنوانی اور مہنگائی کا دور ہے، اکھلیش
اکھلیش نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں زمین پر کوئی کام نہیں ہورہا ہے۔ صرف ہوا۔ہوائی جھوٹے وعدے کئے جارہے ہیں۔بی جے پی کی سازشوں سے عوام آگاہ ہیں۔ عوام ذہن بنا چکے ہیں کہ وہ بی جے پی کو سال 2024 کے انتخابات میں شکست فاش سے دو چار کریں گے اور آئین و جمہوریت کو بچائیں گے۔
یواین آئی۔