اترپردیش کے شہر رامپور میں قائم درس قرآن سینٹر Quran Teaching Center Rampur میں لڑکیوں اور خواتین کو قرآنی تعلیمات سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ یہ سینٹر رئیس رامپوری کلیان سنستھان کی جانب سے چلایا جا رہا ہے۔ اس میں ہفتہ واری چلنے والے درس قرآن میں انگلش میڈیم کی طالبات خاص دلچسپی کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ اس سینٹر کی سالانہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں لڑکیوں نے قرآنی تعلیمات کے موضوع پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
رامپور میں سماجی کارکن شریف الرحمن خاں کی سربراہی میں چلنے والی تنظیم رئیس رامپوری کلیان سنستھان کی دیگر سرگرمیوں میں سے ایک اہم سرگرمی درس قرآن سینٹرہے جہاں منظم انداز میں لڑکیوں اور خواتین کو قرآن کی تعلیمات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ آج اس سینٹر کا سالانہ اجتماع منعقد ہوا۔
درس قرآن سینٹر میں مجدد ابن منظور اور ڈاکٹر انیس احمد بطور معلم گزشتہ چار برسوں سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہاں کالج کی طالبات اور گھریلو خواتین ہر اتوار کو قرآن کا درس لیتی ہیں۔ اس موقع پر ایک سال میں جن طالبات اور خواتین نے لفظ بہ لفظ قرآن کا ترجمہ مکمل کیا، انہیں انعامات سے نوازا گیا۔ اول، دوم اور سوم آنے والی طالبات نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کے ترجمہ نے ان کی زندگی بدل دی ہے۔
امور خانہ داری کے مصروفیت کے ساتھ ساتھ قرآن سینٹر پہنچ کر قرآن کا درس حاصل کر کے سوم پوزیشن حاصل کرنے والی اسماء کہتی ہیں کہ انسان اگر کسی اچھے کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عہد کرلے تو وہ اسے با آسانی کر سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:خواتین کی قرآنی تعلیمات کے لیے 'درس قرآن سنٹر' بہترین ذریعہ
رئیس رامپوری کلیان سنستھان کی جانب سے چلنے والے اس سینٹر کی کوششوں کو کافی سراہا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج کی اس سالانہ تقریب میں مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دینے والی کئی اہم شخصیات نے شرکت کرکے طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔