لکھنؤ: حنفیہ ضیاالقران کے استاد مولانا جمیل احمد نظامی نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طالب علم حسام الدین نے مقابلہ قراءت میں اول پوزیشن حاصل کر کے نہ صرف مدرسہ حنفیہ ضیاء القران کا نام روشن کیا بلکہ اپنے ضلع بلرام پور کے ان لوگوں کے لیے سامان فخر فراہم کیا ہے جو قران پڑھنے اور پڑھانے سے دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ کئی برسوں سے مدرسہ حنفیہ ضیا القران کو ریاست فن قرات میں ممتاز حیثیت حاصل ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں یہاں کے فارغین قران کی تعلیم عام کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ کے صدر المدرسین قاری ذاکر علی قادری کی محنت و مشقت کا نتیجہ ہے کہ مدرسے کے فارغین نہ صرف اپنی ممتاز شناخت بنانے میں کامیاب ہوتے ہیں بلکہ فن قراءت میں بھی انفرادی شناخت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Conference On Islamic Architecture اسلامی فن تعمیر کے ورثہ پر قومی کانفرنس کا اہتمام
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے طالب علم حسام الدین نے کہا کہ ہمارے اساتذہ کی بے پناہ محنت و مشقت کا نتیجہ ہے کہ یہاں سے طلبہ قرآن کریم کو ترتیل سے پڑھنے میں مہارت حاصل کرتے ہیں اور ملک میں جہاں بھی فنی مقابلہ ہوتا ہے وہاں انہیں اچھی پوزیشن حاصل ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ قصبہ ماہرہ میں ہر برس عرس قاسمی کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا جاتا ہے جہاں پر ال انڈیا قراءت کا بھی اہتمام ہوتا ہے اس موقع پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 50 ہزار روپے اور ایک ٹرافی اور سند نوازا جاتا ہے جبکہ دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے کو اعزاز و اکرام سے نوازا جاتا ہے۔