میرٹھ :اسٹارٹ اپ انڈیا مہم سے متاثر ہو کر جہاں بہت سے نوجوان مختلف شعبوں میں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، وہیں میرٹھ کی ثنا خان ایسے لوگوں کے لئے جذبے اور کامیابی کی زندہ مثال بن گئی ہیں۔ آٹھ سال قبل نامیاتی کھاد بنانے کے لئے میرٹھ میں ایک چھوٹے سے یونٹ سے شروع ہونے والا ثنا خان کا سفر آج کروڑوں کے منافع تک پہنچ گیا ہے۔ Start Up Girl Sana Khan Exclusively Talk To Etv Bharat Urdu News
بائیو ٹیکنالوجی میں انجینئرنگ کی ڈگری مکمل کرنے کے بعد ثنا خان نے ملٹی نیشنل کمپنیوں میں کام کرنے کے بجائے اپنا اسٹارٹ اپ شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی ڈگری پروجیکٹ کو روزگار کا ذریعہ بنایا۔ ثنا خان نے کرائے کی زمین پر ورمی کمپوسٹ کی تیاری شروع کی۔ ابتدائی پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہوئے بغیر ثنا نے اپنے مضبوط ارادے کے ساتھ نہ صرف یہ کام جاری رکھا بلکہ آگے بڑھنے کے نئے راستے بھی تلاش کرتی رہیں۔
انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے گوبر سے نامیاتی کھاد تیار کر لیا۔ گوبر سے تیار کی گئی کھاد کے اس کاروبار نے ان کو اس اونچائی تک پہنچا دیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اپنی من کی بات میں ثنا کا ذکر کیا اور دوسروں کو بھی اس سے ترغیب حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ ثنا کی اس جدوجہد میں ان کا بھائی بھی شروع سے ساتھ دیا۔ لوگوں کی تنقید کو نظر انداز کرتے ہوئے بھائی نے بہن کا ساتھ دیا اور آج دونوں اس کاروبار میں برابر کے شریک ہیں۔
ورمی کمپوسٹ تیار کر کے ثنا نہ صرف اپنے لئے روزگار پیدا کرنے میں کامیاب ہوئیں بلکہ سینکڑوں دوسرے لوگوں کے لئے بھی روزگار کا ذریعہ بن چکی ہے۔ کیمیائی کھاد کے بجائے گوبر کے استعمال سے کھاد تیار کر کے وہ کسانوں کو آرگینک فارمنگ کی طرف راغب بھی کر رہی ہیں اور سوچھ بھارت مشن کی برانڈ ایمبیسیڈر بن کر صفائی کا پیغام بھی دے رہی ہیں۔ Start Up Girl Sana Khan Exclusively Talk To Etv Bharat Urdu News