ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ کے نگر نگم ملازمین کو ویکسینیشن کے لیے نگر نگم کے ایڈیشنل میونسپل کمشنر کا حکم چرچہ کا موضوع بن گیا ہے۔
دراصل میرٹھ نگر نگم کی ایڈیشنل کمشنر شردھا سانڈلیان نے ویکسین نہ لگوانے والے نگم کے ملازمین کی تنخواہ روکنے کا فرمان جاری کیا تھا جس کے بعد نگم افسران نے سی ایم او سے بول کر نگر نگم ملازمین کے لیے ٹاؤن ہال میں خصوصی ویکسینیشن کیمپ کا اہتمام کروایا۔
میرٹھ نگر نگم کے ٹاؤن ہال میں لگائے گئے ویکسینیشن کیمپ میں جہاں پہلے روز 132 ملازمین نے ٹیکہ لگوایا۔ کیمپ میں ٹیکہ لگوانے والوں میں زیادہ تر تعداد 45 برس سے کم عمر والے ملازمین کی تھی۔
ویکسینیشن کے دوران ملازمین کا کہنا تھا کہ 'تنخواہ روکنے کے بجائے اگر پہلے ہی اسی طرح کے کیمپ لگا دئے جاتے تو اعلی افسران کو اس طرح کے فرمان جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔'
میرٹھ میں نگر نگم کے اعلی افسران کے فرمان سے جہاں نگم کے ملازمین میں تنخواہیں روکے جانے کو لے کر بے چینی دیکھی گئی۔ وہیں وہ ویکسین لگوا کر کافی خوش نظر آئے اور اب وہ دوسرے لوگوں کے لئے بھی اسی طرح کے کیمپوں کا اہتمام کرائے جانے کی بات کہہ رہے ہیں۔