ریاست اتر پردیش کے بارہ بنکی میں پیر کے روز عالمی یوم خواتین کے موقع پر خاص تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سماج کے مختلف حلقوں میں نمایاں کام کرنے والی لڑکیوں کو اعزاز کے ساتھ بیوا پینشن کی مستفدین کو سند، قومی آمدنی مشن کے تحت خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو چیک اور گاڑی کی چابی تقسیم کی گئی۔
بارہ بنکی کے جی آئی سی آڈٹوریم میں میں یہ تقریب وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خطاب کے بعد منعقد کی گئی، وزیراعلیٰ کے خطاب کے بعد اسکولی طلبہ نے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے۔
وہیں اس موقع پر لڑکیوں کو اعزاز اور مختلف اسکیمز کی مستفدین کو سند اور چیک تقسیم کئے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر دارا سنگھ چوہان نے وہاں موجود تمام خواتین کو بین الاقوامی یوم خواتین کی مبارک باد پیش کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کی اسکیمز اور ان کے کاموں سے لڑکے اور لڑکی کے درمیان کا فرق ختم ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بیٹی کے پیدا ہوتے ہی اس کے والد فکر مند ہو جاتے تھے۔ اب حکومت نے بیٹی کے پیدا ہونے سے لیکر شادی تک کی تمام ذمہ داری اپنے ذمہ لے لی ہے، جس کی وجہ سے اب لڑکیاں اپنے والدین کے سر بوجھ نہیں ہیں۔
اس موقع پر اعزاز سے سرفراز کی گئیں تمام لڑکیاں کافی خوش نظر آئیں۔ انہوں نے سماج سے مطالبہ کیا کہ وہ لڑکیوں کو اور زیادہ مواقع فراہم کریں۔