ریاست اترپدیش کے ضلع سہارنپور کے دیوبند علاقہ میں ایس پی دیہات اشوک کمار مینا نے مشہور و معروف دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند پہنچ کر مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ملاقات کی۔
اس دوران ایس پی دیہات اور مہتمم دارالعلوم دیوبند کے درمیان لاک ڈاو ن، کورونا وائرس، تعلیمی سلسلہ کی بحالی اور فرانس میں پیش آئے توہین رسالت جیسے موضوعات پر گفتگو کی گئی۔ ایس پی دیہات نے اس ملاقات کو محض خیرسگالی ملاقات بتایا۔
تفصیل کے مطابق آج شام ایس پی دیہات اشو کمار مینا نے مہتمم دارالعلوم دیوبند مفتی ابوالقاسم نعمانی سے ادارہ کے مہمان خانہ میں ملاقات کی۔ اس دوران ایس پی دیہات نے فرانس میں آپﷺ کی شان مبارک میں کی گئی گستاخی سے متعلق مہتمم دارالعلوم دیوبند سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں امن و شانتی اور بھائی چارہ کو برقرار رکھنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے، آئینی طریقہ سے اپنی آواز بلند کرنے کا ہر شخص کو حق حاصل ہے اور اس کا بہترین طریقہ یہ کہ ایک میمورنڈم تیار کرکے افسران کے توسط سے حکومت کو ارسال کیا جائے۔
مہتمم دارالعلوم دیوبندمفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ قانون کی پاسداری ہر شخص کی ذمہ داری۔
انہوں نے کہاکہ ہماری تعلیم کا مقصد ہی امن و سلامتی اور بھائی چارہ ہے، شدت پسندی کے لئے مذہب اسلام میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند اور دیوبند نے ہمیشہ امن و بھائی چارہ کی بات کی ہے اور آگے بھی اس کا سلسلہ جاری رہے گا اسلئے حکومت و انتظامیہ کو اسطرف سے مکمل طورپر اطمینان رکھنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری جانب سے آج ہی تفصیلی اپیل جاری کی گئی ہے، جس میں قانون کی پاسداری پر خاص زور دیا گیا ہے۔
اس دوران کورونا اور لاک ڈاون پر گفتگو کرتے ہوئے ایس پی دیہات نے کہاکہ اس بیماری سے تحفظ کا واحد ذریعہ احتیاطی تدابیر اختیار کرناہے۔
مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند بمشول دیگر دینی اداروں میں اس وقت تعطیل ہے اور جب تک حکومت کی جانب سے واضح گائیڈ لائن نہیں آجاتی اور مکمل اجازت نہیں ملتی ہے اس وقت تک ادارے میں تعلیمی سلسلہ شروع نہیں کیا جائیگا، تعلیم شروع ہونے کے بعد ماہ رمضان میں بھی تعلیمی سرگرمیاں جاری رہے گیں۔
اس دوران ایس پی دیہات اشوک کمارمینا نے مہتمم دارالعلوم دیوبندکا شکریہ اور کہاکہ ملک و سماج میں باہمی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے آپ جیسے بزرگوں کی سرپرستی کو خاص اہمیت حاصل ہے ،اسلئے موجودہ وقت میں جو بیماری پھیل رہی اس میں فیس ماسک اور سوشل ڈسٹینسنگ کا خاص خیال رکھے جانے پر بھی آپ کی مزید رہنمائی درکار ہے۔
اس دوران سی او رجنیش کمار اپادھیائے، کوتوال اشوک کمار سولنکی، خانقاہ چوکی انچارج اصغر علی اور ناظم مہمان خانہ میں مولانا مقیم وغیرہ موجودرہے۔