ریاست اتر پردیش کے ضلع رامپور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی رہنما اعظم خان نے کہا کہ ہندوستان بڑی زبردست بربادی کے کنارے پر کھڑا ہوا ہے ۔ ہیمنت کرکرے کی قربانی کو اس کی شہادت کو گالی دینے والے اگر ہندوستان کی پارلیمنٹ میں بیٹھیں گے تو ہندوستان آگ کا گولا بن جائے گا۔
اعظم خان نے کہا کہ رفائیل سودے بازی میں جو دھوکہ بازی کی گئی ہے اس کی چھٹیں وزیر اعظم کے دامن پر ہوں اس سے زیادہ شرمندگی کی بات نہیں ہوسکتی ۔
انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ کس طرح سپریم کورٹ کے 5 ججوں نے پریس کانفرنس کی تھی اور اپنا مقدمہ بھارتی عوام کے سامنے رکھا تھا اور کس طرح چیف جسٹس آف انڈیا رنجن گوگوئی کو الزام لگا کر پھنسانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اعظم خان نے کہا کہ بھارت میں اس وقت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی عزت بھی محفوظ نہیں ہے۔ اس سے آپ اندازہ لگالیجئے کہ عام آدمی کا کیا حال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی وزیر اعظم کا عہدہ، وزیر اعلی کا عہدہ اور پارلیمنٹ پر قبضہ کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کے منع کرنے کے باوجود شہیدوں کے ناموں کا استعمال کررہی ہے ۔
رامپور میں اعظم خان کا یہ آخری انتخابی جلسہ تھا اور 23 اپریل کو یہاں پر انتخابات ہوں گے۔