مظفر نگر: جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر کا ایک اجلاس جمعرات کو مولانا مدثر قاسمی کی صدارت میں اور مفتی نوید قاسمی کی نظامت میں منعقد ہوا، جس میں اصلاح معاشرہ کمیٹیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ شراب اور منشیات وغیرہ کے خلاف بڑی مہم چلانے کی اپیل کی گئی۔مقررین نے کہا کہ معاشرے کے نوجوانوں نے نشہ کرکے اپنا اور اپنے خاندان کو برباد کیا ہے۔ اجلاس میں تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا گیا کہ بچے نشے کے عادی ہو رہے ہیں اور سٹہ بازی میں بھی ملوث ہو رہے ہیں جو کہ اسلام میں حرام ہے۔ مقررین نے کہا کہ ایسے لوگوں کی نشان دہی کرکے سمجھایا جائے اور شراب، جوئے اور سٹے بازی کے نقصانات کے بارے میں بتایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:
مہمان خصوصی مولانا مکرم قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع مظفر نگر نے کہا کہ نوجوانوں میں منشیات کی لت تیزی سے پھیل رہی ہے جس سے معاشرے کے ساتھ ساتھ ان کے گھر بھی برباد ہو رہے ہیں۔ مولانا مکرم نے کہا کہ تمام اصلاح معاشرہ کمیٹیاں اپنے اپنے علاقے کی با اثر شخصیات کو جوڑیں اور معاشرے میں پھیلنے والی برائیوں کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کریں۔ مولانا زبیر رحمانی نے سماجی اصلاح کے کام کرنے کے طریقے بتائے اور رہنما اصول گنوائے۔ حافظ شیر دین نے کہا کہ تمام ائمہ اور اصلاح معاشرہ کمیٹی کے اراکین اپنے اپنے علاقوں میں سروے کریں اور دیکھیں کہ ہمارے نوجوان کن بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ ہمیں کام اس نیت سے کرنا ہے کہ اللہ ہم سے راضی ہو جائے۔
اس موقع پر مولانا مدثر قاسمی نے کہا کہ تمام کام احتیاط سے کریں اور کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ اجلاس سے مولانا خالد قاسمی، مفتی آزاد قاسمی جولا، حافظ اللہ مہر، مفتی مجیب ندوی، مولانا احمد، حکیم عمید اشرف، مولانا عبدالرحمٰن، مفتی عبدالقادر قاسمی، مفتی مجیب الرحمان، مولانا عبداللہ وغیرہ نے خطاب کیا۔ یہ تمام جانکاری محمد آصف قریشی بڈھانوی ضلع میڈیا انچارج نے صحافیوں کو دی۔ اجلاس میں مولانا طاہر قاسمی، قاری اسرار رشیدی، قاری جاوید، محمد عقیل، محمد جمیل، مولانا عمران، حافظ نعیم، مولانا ہارون وغیرہ خصوصی طور پر موجود تھے۔