جونپور: ریاست اتر پردیش کے ضلع جونپور میں واقع بلوا گھاٹ میں سماجی کارکن فاضل صدیقی کی جانب سے رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کے موقع پر اپنی رہائش گاہ پر افطار پارٹی کا اہتمام کیا، اس افطار پارٹی میں سینکڑوں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلمانوں کو بھی مدعو کیا گیا۔ روزہ افطاری سے قبل سبھی روزہ داروں نے اللّٰہ کی بارگاہ میں ہاتھ اٹھا کر ملک میں امن و امان کے لیے دعائیں مانگیں۔ ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے سماجی کارکن فاضل صدیقی نے کہا کہ روزہ افطار کے اہتمام کے پیچھے اول مقصد ثواب کی نیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے نمبر پر ہمارے شہر کی جو صدیوں پرانی گنگا جمنی تہذیب ہے وہ برقرار رہے کیونکہ میں گزشتہ آٹھ سالوں سے روزہ داروں کے لیے افطار پارٹی کا اہتمام کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری افطار پارٹی میں ملک کے حالات کے پیشِ نظر مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم بھی شرکت کرتے ہیں تاکہ ایک پیغام جائے سماج میں کہ آج بھی ہندو مسلم ایک ساتھ رہتے ہیں،
یہ بھی پڑھیں:Maulana Imran Rahmani On Ramazan: رمضان المبارک کے دوسرے عشرہ مغفرت کی فضیلت پرمولانا عمران رحمانی کا بیان
ان کا کہنا ہے کہ اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی مدد کرنا چاہیے اور میری افطار پارٹی میں 80 فیصد وہ لوگ شامل ہوتے ہیں جو روزے سے رہتے ہیں مگر ان کے گھر اچھے پکوان نہیں بن پاتے ہیں۔ میری کوشش ہے کہ اسی طرح مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مختلف مذاہب کے لوگوں کو افطار پارٹی کے لیے مدعو کروں تاکہ گنگا جمنی تہذیب کو مضبوط بنایا جا سکے۔