علی گڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ماڈرن انڈین لینگویجز شعبہ کے ریسرچ اسکالر دیا سنگھ پنجابی نے پہلی بار سر سید احمد خان کی کتاب 'اسباب بغاوت ہند' 1857 کا ترجمہ پنجابی زبان میں کیا جس کا اجرا اے ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ایک خصوصی تقریب میں کیا۔ 'اسباب بغاوت ہند' کتاب کے سلسلہ میں کتاب کے مترجم دیا سنگھ پنجابی نے کہا 'میں نے اس کتاب کا ترجمہ پنجابی قارئین کو برطانوی پالیسیوں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے کیا ہے۔ 1857 کی پہلی جنگ آزادی کی وجوہات کو سرسید نے واضح انداز میں قلمبند کیا تھا۔' Book Asbab e Baghawat Hind 1857
دیا سنگھ نے مزید کہا کہ میں سر سید احمد خان کی دو اور اہم کتابوں کو پنجابی میں ترجمے پر کام کر رہا ہوں، جلد ہی وہ بھی پنجابی قارئین کے لئے دستیاب ہوں گی۔ ماڈرن انڈین لینگویجز شعبہ کے پروفیسر پروفیسر کرانتی پال نے اپنے رسرچ اسکالر دیا سنگھ پنجابی کو مبارک باد پیش کرتےہوئے کہا بانی درس گاہ سر سید احمد خان کی کتاب 'اسباب بغاوت ہند' 1857 کی بغاوت/جنگ آزادی کی وجوہات کو جس طریقے سے راست انداز میں بیان کرتی ہے شاید ہی دیگر کتاب کرتی ہوں۔
پروفیسر کرانتی پال نے کہا ہے کہ ہمیں سید احمد خاں کی تمام اہم کتابوں کو ملک کی دیگر زبانوں میں ترجمہ کرنا چاہیے تاکہ سر سید احمد خان کی کتابوں اور ان کی سوچ بارے میں وہ لوگ بھی جان سکے اردو ہندی اور انگریزی زبان نہیں آتیں۔ وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ 'امید ہے کہ اسباب بغاوت ہند کا ترجمہ پنجابی قارئین کے لئے نہ صرف بغاوت کے پس پردہ ثقافتی اور سماجی و اقتصادی پہلوؤں کی سمجھنے میں مددگار ہوگا بلکہ سرسید کے وژن اور عقلیت پسند فکر کو بھی سمجھنے میں مدد ملے گی جنہوں نے بھارت میں تعلیم کو ایک نئی سمت دی۔'
یہ بھی پڑھیں: Book Launch Ceremony in AMU: علی گڑھ میں کتابوں اور رسائل کے اجرے کی خصوصی تقریب