ریاست اترپردیش کے بنارس میں واقع معروف سگرا اسٹیڈیم لاک ڈاؤن کے سبب گذشتہ 4 ماہ سے بند ہے۔ اس اسٹیڈیم میں ہر روز ہزاروں کھلاڑی پریکٹس کرتے تھے اور مختلف کھیل کے میدان میں اپنی کامیابی کا پرچم لہراتے تھے لیکن گزشتہ چار ماہ کے طویل عرصہ سے اسٹیڈیم بند پڑا ہے جس سے اسٹیڈیم میں بڑے بڑے گھاس اور گندگی کے انبار جمع ہو گئے ہیں ۔
ملک میں لاک ڈاؤن کے بعد ان لاک کا دور شروع ہوا ہے لوگ تجارتی کاروبار میں سرگرم ہو رہے ہیں۔ حکومت کی جاری گائیڈ لائن کے مطابق 5 اگست سے جم خانہ کھلنے کی امیدیں بھی ظاہر کی جا رہی ہے، اب ایسے میں اگر اسٹیڈیم کھولا جاتا ہے تو گندگی کے انبار اور اسٹیڈیم میں بڑے بڑے گھاس کے درمیان کھلاڑی کیسے پریکٹس کر پائیں گے؟
ان لاک 1 کے دوران ہی اسٹیڈیم کے ملازمین دفتر جانا شروع کر دئے تھے اور صاف صفائی کا خاص اہتمام بھی کرتے تھے لیکن اسٹیڈیم میں اب تک صفائی کا کام شروع نہیں ہوا ہے. اسپورٹس افسران کی لاپرواہی سے ایک طرف جہاں کھلاڑیوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے وہی اسٹیڈیم کو بھی بڑے نقصانات سے دوچار ہونا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ بنارس کے سگرا اسٹیڈیم میں نہ صرف کرکٹ میدان ہے بلکہ ٹینس، فٹ بال، بیڈمنٹن کشتی اور جم خانہ بھی ہے جس میں ہر روز ہزاروں کھلاڑی پریکٹس کرتے ہیں یہ میدان جدید تکنیک اور سازوسامان سے لیس ہے.